گرج اور بی پی پی آر اے کا بلوچستان میں پبلک پروکیورمنٹ کیلئے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی جدید کاری کے لیے اشتراک

جازورلڈ کے انٹرپرائز کلاؤڈ سلوشنز پلیٹ فارم گرج نے بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (بی پی پی آر اے) کے ساتھ ایک سٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے،

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):جازورلڈ کے انٹرپرائز کلاؤڈ سلوشنز پلیٹ فارم گرج نے بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (بی پی پی آر اے) کے ساتھ ایک سٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے،

جس کا مقصد بلوچستان میں سرکاری پبلک پروکیورمنٹ کے نظام کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ اس اشتراک کے تحت گرج، بی پی پی آر اے کے اہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے کلاؤڈ ہوسٹنگ، سائبر سکیورٹی، کنیکٹیویٹی، بیک اَپ اور ڈیزاسٹر ریکوری کی سہولیات فراہم کرے گا۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق اس اقدام کے ذریعے سسٹمز کی دستیابی (اپ ٹائم) میں بہتری آئے گی، ڈیٹا کے تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، کاروباری تسلسل (بزنس کنٹینیوٹی) کو یقینی بنایا جائے گا اور ڈیجیٹل پروکیورمنٹ خدمات کی قابلِ اعتماد کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ نظام سے متعلق ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر کی جدید کاری بی پی پی آر اے کو بلوچستان بھر کے متعلقہ فریقین کو زیادہ محفوظ، مؤثر اور شفاف خدمات فراہم کرنے کے قابل بنائے گی۔حکومتی اداروں کی جانب سے خدمات کی فراہمی اور شفافیت کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے تناظر میں یہ اشتراک اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ جدید کلاؤڈ انفراسٹرکچر سرکاری شعبے کی ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنے اور شہریوں اور اداروں کے لیے قابلِ اعتماد ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس شراکت داری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جازورلڈ انٹرپرائز سلوشنز کے صدر شہزاد رشید نے کہا کہ جدید عوامی خدمات کے لیے محفوظ، مضبوط اور قابلِ اعتماد ڈیجیٹل انفراسٹرکچر ناگزیر ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہم بی پی پی آر اے کو وہ تکنیکی بنیاد فراہم کر رہے ہیں جو قابلِ اعتماد خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں سرکاری اداروں کی جدید کاری کے عمل کو بھی تقویت دے گی۔ ہمارا مقصد اداروں کو اعتماد کے ساتھ جدت اپنانے کے قابل بنانا ہے، جبکہ سکیورٹی، دستیابی اور تسلسل کے اعلیٰ ترین معیارات کو بھی یقینی بنایا جائے۔ بی پی پی آر اے کے ڈائریکٹر ایم آئی ایس شہنواز امین نے کہا کہ یہ اشتراک بی پی پی آر اے کے ڈیجیٹل پروکیورمنٹ پلیٹ فارمز کی سیکیورٹی، قابلِ اعتماد کارکردگی اور تسلسل کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ بلوچستان میں شفاف، مؤثر اور مستقبل سے ہم آہنگ پبلک پروکیورمنٹ خدمات کی فراہمی کے لیے ایک جامع کلاؤڈ ماحول انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔یہ شراکت داری گرج کے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ سرکاری اداروں کے لیے محفوظ، مضبوط اور جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ذریعے پاکستان کو ایک زیادہ مربوط، مؤثر اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار مستقبل کی جانب گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزید خبریں