بچوں سے مشقت کا خاتمہ ایک مہذب ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے،چوہدری محمد شریف گھمن

بچوں سے مشقت کا خاتمہ ایک مہذب ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، بچوں کو تعلیم، صحت محفوظ ماحول کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ چائلڈ لیبر نہ صرف بچوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ انکے روشن مستقبل کی راہ میں بھی رکاوٹ بنتی ہے

سیالکوٹ۔ 11 جون (اے پی پی):بچوں سے مشقت کا خاتمہ ایک مہذب ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، بچوں کو تعلیم، صحت محفوظ ماحول کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ چائلڈ لیبر نہ صرف بچوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ انکے روشن مستقبل کی راہ میں بھی رکاوٹ بنتی ہے۔ حکومت پنجاب بچوں کے حقوق کے تحفظ اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر انتظام عالمی چائلڈ لیبر ڈے کے حوالے سے سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سیالکوٹ چوہدری محمد شریف گھمن نے کیا۔

اپنے خطاب میں چوہدری محمد شریف گھمن نے کہا کہ والدین، اساتذہ، سماجی تنظیمیں کاروباری طبقہ بچوں کو مزدوری کی بجائے تعلیم کے مواقع فراہم کرنے میں معاونت کریں تاکہ وہ ملک و قوم کے مفید شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا بچپن محفوظ بنانا اور انہیں بہتر مستقبل فراہم کرنا ہم سب کی قومی و سماجی ذمہ داری ہے۔تقریب میں شرکاء کو چائلڈ لیبر کے نقصانات، بچوں کے بنیادی حقوق اور متعلقہ قوانین کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں سے مشقت کے خاتمے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے آگاہی مہمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا جبکہ شرکاء نے چائلڈ لیبر کے خاتمے، بچوں کے حقوق کے تحفظ اور تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

مزید خبریں