وفاقی حکومت مالی سال 27-2026 کا اپنا تیسرا ترقی اور عوامی ریلیف پر مبنی وفاقی بجٹ جمعہ (12 جون) کو قومی اسمبلی میں پیش کرے گی جس کا مجموعی حجم تقریباً 18 ہزار ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔
وفاقی بجٹ 27-2026 جمعہ کوپیش کیا جائے گا، حجم 18 ہزار ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی حکومت مالی سال 27-2026 کا اپنا تیسرا ترقی اور عوامی ریلیف پر مبنی وفاقی بجٹ جمعہ (12 جون) کو قومی اسمبلی میں پیش کرے گی جس کا مجموعی حجم تقریباً 18 ہزار ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔ذرائع کے مطابق بجٹ کی تیاری ملکی اور بین الاقوامی سطح پر درپیش معاشی چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنا، زرعی شعبے کی جدید خطوط پر ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کو بجٹ کی اہم ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔بجٹ میں مالی نظم و ضبط، محصولات میں اضافہ، معاشی استحکام اور ترقی کے لئے اقدامات، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عوام دوست پالیسیوں کے ذریعے سماجی و معاشی خوشحالی کے اہداف کو بھی نمایاں جگہ دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے اعلان کی تیاریاں مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کی جا رہی ہیں۔ بجٹ کی تیاری میں متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رہی جن میں پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کرنے اور اقتصادی سروے کے اجرا ءسے متعلق امور بھی شامل ہیں۔دریں اثنا، حکومت نے جمعرات کو پاکستان اکنامک سروے 2025-26 جاری کیا جس میں رواں مالی سال کے دوران قومی معیشت کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔اقتصادی سروے ملک کی معاشی صورتحال کی حقیقی تصویر پیش کرنے کے ساتھ آئندہ منصوبہ بندی اور پالیسی سازی کے لئے بنیاد فراہم کرتا ہے۔








