فاپواسا وفد کی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ملاقات، اعلیٰ تعلیم کے اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال

فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز (فاپواسا) پاکستان کے ایک وفد نے صدر فاپواسا پاکستان پروفیسر ڈاکٹر اختیار گھمرو کی قیادت میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) پاکستان، پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر سے ملاقات کی۔

پشاور۔ 11 جون (اے پی پی):فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز (فاپواسا) پاکستان کے ایک وفد نے صدر فاپواسا پاکستان پروفیسر ڈاکٹر اختیار گھمرو کی قیادت میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) پاکستان، پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر سے ملاقات کی۔

تر جمان فاپواسا کے مطابق ملاقات میں ملک بھر کی سرکاری جامعات اور اساتذہ کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد میں پروفیسر ڈاکٹر محمد مدثر (جنرل سیکرٹری، فاپواسا پاکستان)، ڈاکٹر محمد اُزیر (میڈیا سیکرٹری، فاپواسا پاکستان)، ڈاکٹر محمد خان جدون (سابق میڈیا سیکرٹری، فاپواسا پاکستان) اور ڈاکٹر اقبال احمد (سابق صدر، فاپواسا فیڈرل چیپٹر) شامل تھے۔ملاقات کے دوران وفد نے متعدد اہم امور اٹھائے جن میں سرکاری جامعات کے لیے فنڈنگ میں اضافہ، بی پی ایس اساتذہ کی پروموشن پالیسی پر عملدرآمد، ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق زیر التواء کیس کی منظوری، یونیورسٹی اساتذہ کے لیے ٹیکس ریبیٹ کی بحالی یا خصوصی ریسرچ الاؤنس کا اجراء، پی ایچ ڈی کے بعد لازمی تجربے کی شرط کا خاتمہ یا موجودہ اور سابقہ دونوں نظاموں کو ساتھ ساتھ جاری رکھنا، جامعات میں تمام خالی آسامیوں پر بھرتیاں، ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس (DRA) کی توسیع، تحقیقی جرائد کی سبسکرپشنز کی ادائیگیوں کا اجراء، اور جامعات کے لیے انٹرنیٹ بینڈوڈتھ میں اضافہ شامل تھے۔فاپواسا نے اس امر پر زور دیا کہ ملک کی جامعات شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں جس کے باعث تدریسی سرگرمیاں، تحقیق، اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی اور ادارہ جاتی استحکام متاثر ہو رہے ہیں۔ وفد نے ایچ ای سی سے مطالبہ کیا کہ وہ جامعات کے لیے فنڈنگ میں اضافے اور بروقت فنڈز کے اجراء کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے تاکہ جامعات کا نظام مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو غور سے سنا اور ان کے حل کے لیے ایچ ای سی کی جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سرکاری جامعات کی معاونت اور اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے ایچ ای سی کے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین ایچ ای سی نے اس بات پر زور دیا کہ ان مسائل کے مؤثر حل اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے ایچ ای سی، وائس چانسلرز اور فاپواسا کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی موجودہ چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے اور ملک میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔فاپواسا پاکستان چیئرمین ایچ ای سی کی مثبت اور تعمیری کاوشوں کو سراہتی ہے اور اس یقین دہانی کا خیرمقدم کرتی ہے کہ کمیشن تعلیمی برادری کے اٹھائے گئے مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔فاپواسا پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ ایچ ای سی، جامعات کی قیادت اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ، اساتذہ کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان کی جامعات کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزید خبریں