اقتصادی سروے 26-2025کے مطابق وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم (PMYB&ALS) ملک بھر میں نوجوانوں میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اقتصادی سروے ،وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم سے کاروبار اور روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):اقتصادی سروے 26-2025کے مطابق وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم (PMYB&ALS) ملک بھر میں نوجوانوں میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
سروے رپورٹ کے مطابق مالی سال 26-2025کے دوران جولائی تا فروری 58 ارب روپے کے قرضے 1 لاکھ 14 ہزار 815 مستفید افراد کو فراہم کیے گئے، جن کے نتیجے میں 3 لاکھ 59 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ دولتِ مشترکہ (کامن ویلتھ) سیکرٹریٹ کی جانب سے کیے گئے اثراتی مطالعے نے بھی اس پروگرام کی کامیابی کی تصدیق کی ہے۔ مطالعے کے مطابق سکیم کے تحت جاری کیے جانے والے ہر قرضے سے اوسطاً 3.13 نئی ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں، جو اس کے مثبت معاشی اثرات کی عکاسی کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق 2013 میں آغاز سے لے کر اب تک اس سکیم کے تحت مجموعی طور پر 304 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جن سے 5 لاکھ 35 ہزار 233 افراد مستفید ہوئے جبکہ اندازاً 16 لاکھ 80 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔اقتصادی سروے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کی معاونت اور جامع معاشی ترقی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے خصوصاً نوجوانوں اور معاشرے کے کم سہولت یافتہ طبقات کے لیے یہ پروگرام معاشی بااختیاری کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوا ہے۔سروے کے مطابق یہ سکیم وقت کے ساتھ پاکستان کے مائیکرو اور چھوٹے کاروباروں کے لیے سب سے بڑے مالیاتی پورٹ فولیو میں تبدیل ہو چکی ہے، جو کاروباری سرگرمیوں اور اقتصادی نمو کے لیے آسان اور جامع مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔








