وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے مالی سال 2026-27 کے وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی تیاری کے ساتھ ملکی تاریخ میں ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کا ملکی تاریخ میں منفرد اعزاز، ان کی زیر نگرانی تیار کئے گئے وفاقی ترقیاتی بجٹوں کی مجموعی تعداد 11 ہو جائے گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے مالی سال 2026-27 کے وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی تیاری کے ساتھ ملکی تاریخ میں ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ ان کی زیر نگرانی تیار کئے جانے والے وفاقی ترقیاتی بجٹوں کی تعداد 11 ہو جائے گی جو کسی بھی منصوبہ بندی کے وزیر کے لیے ایک نمایاں ریکارڈ تصور کیا جا رہا ہے۔
پروفیسر احسن اقبال نے پہلی مرتبہ 1997-98 اور 1998-99 کے وفاقی ترقیاتی بجٹوں کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا جن کے دوران ’’وژن 2010‘‘ متعارف کرایا گیا۔ بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں انہوں نے مالی سال 2013-14 سے 2017-18 تک مسلسل پانچ وفاقی ترقیاتی پروگراموں کی تیاری اور منظوری کے عمل کی سربراہی کی جن میں ملک کے طویل المدتی ترقیاتی روڈ میپ ’’وژن 2025‘‘ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کو بھی پیش کیا گیا۔
موجودہ دور حکومت میں پروفیسر احسن اقبال نے مالی سال 2023-24، 2024-25، 2025-26 اور 2026-27 کے وفاقی ترقیاتی بجٹ بھی مرتب کیے۔ اس طرح ان کی زیر نگرانی تیار کئے گئے وفاقی ترقیاتی بجٹوں کی تعداد مجموعی طور پر 11 ہو جائے گی۔ان ادوار کے دوران انفراسٹرکچر، توانائی، تعلیم، اعلیٰ تعلیم، مواصلات، علاقائی رابطہ کاری، ڈیجیٹل ترقی اور انسانی وسائل کے فروغ سے متعلق منصوبوں کو خصوصی ترجیح دی گئی۔
ماہرین کے مطابق مختلف ادوار میں قومی ترقیاتی منصوبہ بندی کی مسلسل قیادت کرنا ایک منفرد اعزاز ہے جبکہ مالی سال 2026-27 کا وفاقی ترقیاتی پروگرام بھی معاشی استحکام، برآمدات میں اضافے اور پائیدار ترقی کے قومی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔








