صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور فلپائن کو زراعت، غذائی تحفظ، نظام صحت، دفاعی تعاون، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں موجود وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے کاروباری روابط ، مشترکہ منصوبوں اور پالیسی تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی حکومتِ پاکستان، عوام اور اپنی جانب سے فلپائن کی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور فلپائن کو زراعت، غذائی تحفظ، نظام صحت، دفاعی تعاون، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں موجود وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے کاروباری روابط ، مشترکہ منصوبوں اور پالیسی تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلپائن کے128 ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے جمعرات کو اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدرِ مملکت کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکاء کو صدرمملکت کا پیغام پڑھ کرسنایا۔ تقریب میں فلپائن کے سفیر ایمانوئل فرنانڈیز، اسلام آباد میں متعین سفارتکاروں، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی رانا تنویر حسین، میڈیا نمائندگان، ممتاز شخصیات، سول سوسائٹی اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومتِ پاکستان، پاکستان کے عوام اور اپنی جانب سے جمہوریہ فلپائن کی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی پر دلی مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ یہ دن 1898 میں فلپائن کے تاریخی اعلانِ آزادی کی یاد دلاتا ہے جو ایک ایسا فیصلہ کن لمحہ تھا جس نے ایک باوقار اور خودمختار قوم کو جنم دیا اور دنیا کے سامنے فلپائنی عوام کے ناقابلِ تسخیر عزم و حوصلے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلپائن کے عوام کی اس ثابت قدمی اور جرات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو ان کے شاندار سفر کی پہچان بن چکی ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان دوستی کا رشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے،دونوں ممالک رواں سال کے آخر میں سفارتی تعلقات کے 77 سال مکمل کرنے جا رہے ہیں جو کہ باہمی احترام، خیر سگالی اور دونوں ممالک کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے کی مشترکہ خواہش پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ اور آسیان سمیت اہم عالمی فورمز پر کثیر الجہتی تعاون کیلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتا ہے جو ان باہمی تعلقات کو نئے مقصد کے ساتھ آگے بڑھانے کے پختہ ارادے کا عکاس ہے۔
صدر نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی اور ایک زیادہ منصفانہ و عادلانہ بین الاقوامی نظام کے قیام سمیت عصرِ حاضر کے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے عزم پر قائم ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ شراکت داری کی توسیع کیلئے نئی راہیں تلاش کررہے ہیں، پاکستانی ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، غذائی مصنوعات اور تیار شدہ اشیائ، فلپائن کی الیکٹرانکس، زرعی پیداوار اور ناریل پر مبنی صنعتوں میں قائم کردہ صلاحیتوں کی تکمیل کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، غذائی تحفظ، نظام صحت، دفاعی تعاون، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں موجود وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے کاروباری روابط ، مشترکہ منصوبوں اور پالیسی تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ حکومتِ پاکستان، فلپائن میں مقیم پاکستانی برادری کیلئے فلپائن کی حکومت اور عوام کی پرتپاک مہمان نوازی پر تہہ دل سے شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہم وطن جن میں کاروباری حضرات اور خاندان شامل ہیں دوستی کیلئے ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بناتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں فلپائن کے عوام کے امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو ہوں اور امید کرتا ہوں کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی آنے والے سالوں میں مزید ترقی کرے گی۔ فلپائن کے سفارتخانہ کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی پروقار تقریب کے موقع پر فلپائن اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 77 سال مکمل ہونے کا جشن بھی منایا گیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی احترام اور مختلف شعبوں میں تعاون کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب سے فلپائن کے سفیر ایمانوئل فرنانڈیز اور وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی رانا تنویر حسین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پاکستان اور فلپائن کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے دونوں ممالک کے درمیان برسوں پر محیط سفارتی تعلقات کو خطے میں تعاون اور دوستی کی ایک مثبت مثال قرار دیا۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز فلپائن اور پاکستان کے قومی ترانوں کی دھنوں سے ہوا۔ تقریب کے موقع پر صدر مملکت کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی، فلپائن کے سفیر اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ فلپائن کے یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا۔








