فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسےترک لینڈ فورسز کے کمانڈر کی ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال

فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسےترک لینڈ فورسز کے کمانڈر کی ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال

راولپنڈی ۔11جون (اے پی پی):چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسےترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل میتن توکل نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ جمعرات کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

معزز مہمان نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا بھی دورہ کیا اورپاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور علاقائی بحری سکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

 

مزید خبریں