ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت پانے والے شہداء کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی، وزیراعظم شہباز شریف اورفیلڈمارشل عاصم منیر کی شرکت
ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت پانے والے شہداء کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی، وزیراعظم شہباز شریف اورفیلڈمارشل عاصم منیر کی شرکت

مزید خبریں
راولپنڈی۔11جون (اے پی پی):مظفرآباد میں گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پانے والے شہداء کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں اداکی گئی۔نماز جنازہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری)، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ، اعلیٰ سول و عسکری حکام، شہداء کے اہل خانہ اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس سے قبل دو مسیحی شہید فوجیوں کی آخری رسومات راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں ادا کی گئیں جن میں سیاسی و عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کی فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت اور مادر وطن کے دفاع کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے امن، سلامتی اور قومی خودمختاری کے لیے دی جانے والی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ وزیراعظم نے اس مشکل گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ قوم کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔







