عوام ، حکومت اوربزنس کمیونٹی مل کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے ،صوبائی وزیر میر ضیااللہ لانگو
عوام ، حکومت اوربزنس کمیونٹی مل کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے ،صوبائی وزیر میر ضیااللہ لانگو

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 11 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر اربوں ڈالرز لگا کرصوبے میں امن وامان کو تہہ و بالا کرنے کے لئے کوشاں ہیں تاہم عوام ، حکومت اوربزنس کمیونٹی مل کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے ، دشمن عناصر کاروبار کے نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں بلوچستان بزنس الائنس اینڈ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران و ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس سے قبل بلوچستان بزنس الائنس اینڈ ایکشن کمیٹی اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی کی جانب سے جاری پہیہ جام اور شٹرڈائون ہڑتال کی کال موخر کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری حمزہ شفقات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی بھی موجود تھے ۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے بلوچستان بزنس الائنس اینڈ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران کے ساتھ کامیاب مذاکرات پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم حکمران خود کو عوام کا خادم سمجھتے ہیں ،بادشاہ نہیں ۔ ملک دشمن قوتیں بلوچستان میں تنصیبات ، سیکورٹی فورسز اور بزنس کمیونٹی و دیگر کو نشانہ بنا کر اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتی ہیں تاہم ریاست، حکومت ،بزنس کمیونٹی اور عوام مل کر ان کے عزائم کو ناپاک بنائیں گے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بزنس کمیونٹی کے تمام نکات پر فوری عمل درآمد ہونا چاہیے، میں احتجاج موخر کرنے پر بزنس الائنس اینڈ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران و ممبران کا شکر گزار ہوں۔







