صوبائی وزیر توانائی و کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اسپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق سے ان کے دفتر میں ملاقات
خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اورانہیں بااختیار بنانے کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں ،ملک فیصل ایوب کھوکھر

مزید خبریں
لاہور۔11جون (اے پی پی):صوبائی وزیر توانائی و کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اسپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ، خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اور فلاح و بہبود کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران ثانیہ عاشق نے صوبائی وزیر کو محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کی جاری اصلاحات، خصوصی بچوں کے لیے جدید تعلیمی سہولیات، آٹزم کیئر سینٹرز کے قیام، خصوصی تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور صوبہ بھر میں خصوصی بچوں کے داخلوں میں ہونے والے ریکارڈ اضافے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ثانیہ عاشق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز خصوصی بچوں اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہیں۔ وزیراعلی کی خصوصی دلچسپی اور وژن کے تحت اسپیشل ایجوکیشن کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور صوبے بھر میں خصوصی بچوں کے لیے تعلیم اور بحالی کے مواقع میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق خصوصی بچوں کو معاشرے کا فعال اور باوقار حصہ بنانے کے لیے جدید اور جامع پالیسیوں پر عملدرآمد جاری ہے۔ خصوصی افراد کے لیے انفراسٹرکچر کو مزید قابلِ رسائی بنانے اور جدید سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔اس موقع پر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کی کارکردگی اور ثانیہ عاشق کی قیادت میں کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کے وژن کے تحت خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور بحالی کے لیے جو عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ قابلِ ستائش ہیں۔ خصوصی بچوں کو بہتر تعلیمی اور سماجی مواقع فراہم کرنا ایک مہذب معاشرے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی افراد کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ اور مو ثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ توانائی اور کھیل کی جانب سے بھی خصوصی افراد کی سہولت اور شمولیت کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں خصوصی بچوں اور نوجوانوں کی شرکت کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں اور معاشرے میں اعتماد کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔







