موجودہ پی ایچ ایف انتظامیہ ملک میں ہاکی کے فروغ کیلئے واضح حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے، اولمپین طاہر زمان

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈویلپمنٹ اولمپئین طاہر زمان

لاہور۔11جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈویلپمنٹ اولمپئین طاہر زمان نے کہا ہے کہ موجودہ پی ایچ ایف انتظامیہ ملک میں ہاکی کے فروغ کے لیے واضح حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پارکو کے درمیان ہونے والا 100ملین روپے کا معاہدہ قومی کھیل کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اپنے خصوصی بیان میں طاہر زمان نے بتایا کہ پارکو کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ رقم آئندہ دو برسوں کے دوران کوچنگ ایجوکیشن پروگرام اور یوتھ ڈویلپمنٹ پر خرچ کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر کوچز ہی بہتر کھلاڑی تیار کر سکتے ہیں، اسی سوچ کے تحت ملک بھر کے کوچز کی تربیت، ان کی تدریسی صلاحیتوں، کوچنگ فلسفے اور اسپورٹس سائنسز کے جدید طریقہ کار میں یکسانیت لانے پر توجہ دی جائے گی تاکہ نچلی سطح پر کھلاڑیوں کی تربیت ایک مربوط اور جدید نظام کے تحت ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے یوتھ ایشیا کپ میں پاکستان انڈر-18 ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے براونز میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ طاہر زمان نے ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں بھی پاکستان کے لیے کامیابیاں سمیٹتے رہیں گے۔طاہر زمان کے مطابق پاکستان کی سینئر ہاکی ٹیم بھی تربیتی کیمپ مکمل کرنے کے بعد ایف آئی ایچ پرو لیگ کے اہم میچز کھیلنے کے لیے بیلجیئم اور انگلینڈ روانہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم یورپ کے اس اہم دورے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کا ہاکی کی ترقی اور ترویج کے حوالے سے ویژن اور اسپانسرز کا قومی کھیل پر بڑھتا ہوا اعتماد پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

مزید خبریں