فرانس کی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ مہم کے آغاز کے لئے بوسٹن پہنچ گئی ہے جہاں اس نے بینٹلی یونیورسٹی میں اپنا پہلا باقاعدہ ٹریننگ سیشن شروع کر دیا ہے
فیفا ورلڈ کپ 2026 مہم سے قبل فرانس ٹیم کی تیاریوں کا آغاز، کیلین ایمباپے سمیت تمام اہم کھلاڑی ٹریننگ میں شریک

مزید خبریں
بوسٹن۔12جون (اے پی پی):فرانس کی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ مہم کے آغاز کے لئے بوسٹن پہنچ گئی ہے جہاں اس نے بینٹلی یونیورسٹی میں اپنا پہلا باقاعدہ ٹریننگ سیشن شروع کر دیا ہے جس میں سٹار کھلاڑیوں کیلین ایمباپے، عثمان ڈیمبیلے اور مائیکل اولیسے سمیت تمام سکواڈ نے حصہ لیا۔ شنہوا کے مطابق فرانس کی ٹیم 16 جون کو نیو جرسی میں سینیگال کے خلاف اپنے ورلڈ کپ سفر کا آغاز کرے گی، جس کے بعد وہ 22 جون کو فلیڈلفیا میں عراق اور پھر چار دن بعد فاکسبورو کے بوسٹن سٹیڈیم میں ناروے کے مدمقابل ہوگی۔ فرانسیسی کھلاڑی اس وقت امریکا کے ماحول اور وقت کے فرق (جیٹ لیگ) سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فرانسیسی گول کیپر برائس سامبا کا کہنا ہے کہ وقت کے فرق کے مطابق خود کو ڈھالنے میں ہر کھلاڑی کو مختلف وقت لگ سکتا ہے لیکن ٹیم نے گزشتہ روز سے ہی امریکی شیڈول کے مطابق کھانے پینے اور آرام کا آغاز کر دیا ہے تاکہ جلد از جلد یہاں کے ماحول میں سیٹ ہو سکیں۔ دوسری جانب فرانسیسی ڈیفینڈر میکسینس لاکروکس نے بوسٹن میں ٹیم کے بیس کیمپ اور انتظامات کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک دیرینہ خواب کے سچ ہونے جیسا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ فرانسیسی ٹیم میں بہترین کھلاڑی موجود ہیں اور وہ ایونٹ میں ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے کیونکہ ورلڈ کپ میں دنیا کی بہترین ٹیمیں مدمقابل ہوتی ہیں۔فرانسیسی ٹیم کو رواں ورلڈ کپ میں ٹائٹل کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے اور شائقین کو اس سے عمدہ کارکردگی کی توقعات وابستہ ہیں۔







