ہاکی نیشنز کپ ، افتتاحی روز آئرلینڈ اور فرانس نے کامیابی حاصل کر کے اپنی مہم کا شاندار آغاز کردیا

ایف آئی ایچ ہاکی نیشنز کپ کے افتتاحی روز آئرلینڈ اور فرانس نے کامیابی حاصل کر کے اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا جبکہ ملائیشیا نے بھی سکاٹ لینڈ کو شکست دیکر ٹورنامنٹ میں اپنی مضبوط موجودگی کا احساس دلایا۔

لاہور۔12جون (اے پی پی):ایف آئی ایچ ہاکی نیشنز کپ کے افتتاحی روز آئرلینڈ اور فرانس نے کامیابی حاصل کر کے اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا جبکہ ملائیشیا نے بھی سکاٹ لینڈ کو شکست دیکر ٹورنامنٹ میں اپنی مضبوط موجودگی کا احساس دلایا۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹائون میں جاری ایف آئی ایچ ہاکی نیشنز کپ کے افتتاحی روز آئرلینڈ اور فرانس نے کامیابی حاصل کر کے اپنی مہم کا جاندار آغاز کر دیا۔پول اے کے میچ میں ملائیشیا نے سکاٹ لینڈ کو 2 کے مقابلے میں5 گول سے شکست دی۔ملائیشیا کی جانب سے محمد اظری نے ہیٹ ٹرک سکور کی جبکہ محمد انور عیسک اور ایمن روزیمی نے ایک،ایک گول سکور کیا۔سکاٹ لینڈ کی ٹیم متعدد مواقع حاصل کرنے کے باوجود اپنی پینلٹی کارنرز کو موثر انداز میں استعمال نہ کر سکی اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اسی پول کے دوسرے مقابلے میں کوریا اور جاپان کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ1-1 گول سے برابر رہا۔

کوریا نے پہلے ہاف میں برتری حاصل کی،تاہم جاپان نے دوسرے ہاف میں شاندار واپسی کرتے ہوئے سکور برابر کر دیا۔دونوں ٹیموں کو میچ جیتنے کے مواقع ملے لیکن کوئی بھی فیصلہ کن گول نہ کر سکی۔پول بی میں عالمی رینکنگ میں نویں نمبر پر موجود آئرلینڈ نے امریکا کو0-3 سے شکست دی۔آئرش ٹیم نے کھیل کے بیشتر حصے میں گیند پر کنٹرول برقرار رکھا اور بین جانسن،گریگ ولیمز اور فرگس گبسن کے گولز کی بدولت آسان کامیابی حاصل کی۔بین جانسن کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔افتتاحی روز کے آخری میچ میں فرانس نے میزبان جنوبی افریقہ کو2-4 سے ہرا دیا۔

فرانس کی جانب سے وکٹر شارلے نے سیٹ پیسز پر شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک سکور کی۔جنوبی افریقہ نے پہلے ہاف میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی تھی،تاہم فرانس نے دوسرے ہاف میں بھرپور کم بیک کرتے ہوئے مسلسل دبائو برقرار رکھا اور فتح اپنے نام کر لی۔فرانس کے کورینٹن سیلیئر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔افتتاحی روز کے نتائج کے بعد آئرلینڈ،فرانس اور ملائیشیا نے اپنے اپنے گروپس میں کامیاب آغاز کیا ہے جبکہ کوریا اور جاپان نے ایک،ایک پوائنٹ حاصل کیا۔