بنگلہ دیش کیخلاف ڈیبیو کرنے والے نوجوان بیٹرز عبداللہ فضل اور اذان اویس کی اپنی کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف پر گفتگو

بنگلہ دیش کیخلاف ڈیبیو کرنے والے نوجوان بیٹرز عبداللہ فضل اور اذان اویس کی اپنی کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف پر گفتگو

لاہور۔12جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پوڈکاسٹ میں حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈیبیو کرنے والے نوجوان بائیں ہاتھ کے بیٹرز عبداللہ فضل اور اذان اویس نے اپنے تجربات،کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف پر کھل کر گفتگو کی۔

عبداللہ فضل نے کہا کہ پاکستان کیلئے ٹیسٹ ڈیبیو کے موقع پر ابتدا میں دبائو ضرور محسوس ہوا،تاہم وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد انہوں نے اس یادگار لمحے سے بھرپور لطف اٹھایا۔

انہوں نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرنے کو اپنے کیریئر کا باعثِ فخر لمحہ قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری ریڈ بال کیمپ فٹنس اور مہارتوں میں بہتری کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو رہا ہے۔

عبداللہ فضل نے ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے ملنے والے اعتماد اور حمایت کو اپنی بہتر کارکردگی کی اہم وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملا۔

انہوں نے سابق انگلش کپتان ایلسٹر کک کو اپنا کرکٹنگ رول ماڈل قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے کک کے مزاج،نظم و ضبط اور مستقل مزاجی سے بہت کچھ سیکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل11 میں شرکت اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا ان کیلئے سیکھنے کا بہترین موقع تھا۔

دوسری جانب اذان اویس نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہمیشہ ان کا خواب رہا ہے اور ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنا اس خواب کو مزید یادگار بنا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اننگز کے آغاز میں دبائو ضرور تھا لیکن پہلی رن بنانے کے بعد اعتماد بحال ہوگیا اور وہ اپنی قدرتی کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے۔اذان اویس نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کی رہنمائی اور حمایت نے انہیں ٹیم کے ماحول میں جلد گھل مل جانے میں مدد دی۔

انہوں نے بتایا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ریڈ بال کیمپ میں فٹنس سیشنز پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،جو کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے والد کو اپنے کرکٹ کیریئر کا سب سے بڑا معاون اور حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل حمایت نے انہیں ہر مرحلے پر آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔اذان اویس نے پی سی بی کے ایج گروپ پاتھ وے پروگرام کو بھی سراہا اور کہا کہ اس پروگرام نے ایک کرکٹر کے طور پر ان کی بنیاد مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔