پی ایس ڈی پی کے تحت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ڈویژن کے منصوبوں کےلئے 4183 ملین روپےمختص

پی ایس ڈی پی کے تحت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ڈویژن کے منصوبوں کےلئے 4183 ملین روپےمختص

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026کے لئے سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی ) کے مطابق قومی غذائی تحفظ و تحقیق ڈویژن کے منصوبوں کےلئے مجموعی طور پر4183 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ جمعہ کو یہاں جاری پی ایس ڈی پی دستاویزات کے مطابق ان منصوبوں میں پہلے سے جاری 9 جبکہ ایک نیا منصوبہ شامل ہے ۔

پہلے سے جاری 9 منصوبوں میں خضدار اور تربت میں سیڈ سرٹیفیکیشن لیبارٹری کا قیام ، تیلدار اجناس کی پیداوار میں اضافہ کا قومی پروگرام ،ملک کے بارانی علاقوں میں زرعی پیداوار میں اضافہ کا پروگرام، ملک میں زیتون کی کاشت اور کاروباری بنیادوں پر اس کی فروخت کا فروغ ، آلو کی پیداوار کے نظام میں پاک کوریا مشترکہ پروگرام کےتحت تصدیق شدہ بیج، ٹویٹ نیشنل ریفارمز پروگرام کے تحت زرعی شعبہ میں پیشہ ورانہ استعدادکار میں اضافہ، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے پراجیکٹ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ یونٹ ، جانوروں کی بیماریوں پر قابو پانےاور شیخوپورہ میں ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا منصوبہ شامل ہے جبکہ قومی غذائی تحفظ اور پیداوار میں اضافہ کے پروگرام کا ایک نیا منصوبہ بھی شامل ہے ۔

واضح رہے کہ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے پہلے سے جاری 9 مختلف منصوبوں پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 43610.5ملین روپے ہے جبکہ 30 جون 2026تک ان منصوبوں پر متوقع اخراجات کا تخمینہ 7862.910ملین روپے ہے۔ آئندہ مالی سال کےلئے پہلے سے جاری 9مختلف منصوبوں کےلئے 2200ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

پی ایس ڈی پی کے مطابق وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے قومی غذائی تحفظ اور پیداوار میں اضافہ کے پروگرام کے نئے منصوبہ پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 17000ملین روپے لگایا گیا ہے جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران اس منصوبہ کےلئے 1983ملین روپے کےفنڈز مختص کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کےلئے آئندہ مالی سال کے دوران 4183 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔