سکھ یاتری گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گئے،انتظامات پراظہار اطمینان

سکھ مذہب کے پانچویں گورو، گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آئے بھارتی سکھ یاتری گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گئے۔

لاہور۔12جون (اے پی پی):متروکہ وقف املاک بورڈ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم اہنگی کے زیر انتظام سکھ مذہب کے پانچویں گورو، گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آئے بھارتی سکھ یاتری گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گئے۔

ترجمان کے مطابق سکھ یاتریوں نے، رہائش، لنگر، صفائی ستھرائی، میڈیکل سہولیات، ٹرانسپورٹ اور فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔یاتریوں نے کہا کہ پاکستان میں انہیں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ہمارے گردوارے پہلے سے بہتر اور محفوظ حالت میں موجود ہیں۔ناصر مشتاق نے کہا کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان کی ہدایات پر یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور یہ دورہ پاکستان میں مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی روشن مثال ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کے مطابق یاتری آج گردوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کے بعد گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچے ہیں،جہاں ایک روز قیام کے دوران مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ 14جون کو سکھ جتھہ گردوارہ دربار صاحب کرتارپور روانہ ہوگا جبکہ 15جون کو گردوارہ روڑی صاحب ایمن آباد کی یاترا کرتے ہوئے لاہور پہنچے گا۔گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی مرکزی تقریب 16 جون کو گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوگی۔10 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد بھارتی سکھ یاتری 19 جون کو واپس روانہ ہوں گے۔

مزید خبریں