سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری
وفاقی بجٹ موجودہ حالات میں متوازن، ترقی اور برآمدات پر مبنی ہے، افتخار علی ملک

مزید خبریں
لاہور۔12جون (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے وفاقی بجٹ 2026-2027کو موجودہ صورتحال میں متوازن، ترقی اور برآمدات پر مبنی بجٹ قرار دیا ہے جس میں ملک بھر میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے پر کشش مراعات دی گئی ہیں۔
جمعہ کو وفاقی بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے شاندار اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں جن قابل ذکر اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے ان سے آنے والے دنوں میں قومی معیشت کو پھلنے پھولنے اور درست سمت متعین کرنے میں مدد ملے گی اور معاشرے کے غریب طبقات کو بھی ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریے بہتر ہوں گے اور بہتر ترسیلات زر کے ساتھ جی ڈی پی کی نمو میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا امید ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے دانشمندانہ فیصلے سے کاروباری برادری پرسکون انداز میں کاروبار کر سکے گی جبکہ مراعاتی پیکجز سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ افتخار علی ملک نے زرعی ترقی کو زیادہ سے زیادہ وسعت دینے کی فوری ضرورت پر زور دیا کیونکہ ترقی یافتہ زرعی شعبے کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں کا استعمال لازمی قرار دے تاکہ زرعی شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے ۔ انہوں نے پن بجلی کی استعداد کار کو بہتر بنانے کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کرنے پر بھی وزیر اعظم کے وژن کو سراہا اور صنعتی سیکٹر کیلئے بجلی و گیس کی مسلسل سپلائی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔






