وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام نے اب تک تقریباً پانچ لاکھ پندرہ ہزار نوجوانوں کو جدید اور روایتی فنی تربیت فراہم کی ہے، سینیٹر محمد اورنگزیب
وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام نے اب تک تقریباً پانچ لاکھ پندرہ ہزار نوجوانوں کو جدید اور روایتی فنی تربیت فراہم کی ہے، سینیٹر محمد اورنگزیب

مزید خبریں
اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام نے اب تک تقریباً پانچ لاکھ پندرہ ہزار نوجوانوں کو جدید اور روایتی فنی تربیت فراہم کی ہے، وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے تحت پانچ لاکھ چونتیس ہزار نوجوانوں میں دو سو اٹھاون ارب روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔ جمعہ کو ایوان زیریں میں مالی سال 27-2026 کا وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، ہماری قومی آبادی کا سڑسٹھ فیصد حصہ 30 سال سے کم عمر آبادی پر مشتمل ہے، ہمارے نوجوان ہنر، عزم اور کچھ کر دکھانے کے جذبہ سے معمور ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا عزم ہے کہ ہر نوجوان پاکستانی کو وہ ہنر، وہ تربیت اور وہ مواقع ملنے چاہئیں جو اسے قومی معیشت کا فعال شراکت دار بنا سکے، اسی وژن کا عملی اظہار وزیر اعظم یوتھ پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا سب سے بڑا سرمایہ ہنر ہے۔ نیوٹیک کے ذریعے وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام نے اب تک تقریباً پانچ لاکھ پندرہ ہزار نوجوانوں کو جدید اور روایتی فنی تربیت فراہم کی ہے، آزادانہ جائزہ کے مطابق ان تربیت یافتہ نوجوانوں میں سے تریپن فیصد ملازمتیں حاصل کر چکے ہیں، اس پروگرام میں آئی ٹی پر مبنی تربیت کے ذریعے خواتین کی معاشی خود مختاری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تا کہ گھر بیٹھے فری لانسنگ اور ڈیجیٹل معیشت میں ہماری بہنیں اور بیٹیاں بھی برابر کی شریک ہوں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر ہنر ایک گاڑی ہے، تو سرمایہ اس گاڑی کا ایندھن ہے۔ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی فنانسنگ کا سب سے بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔ جنوری 2023ء سے اب تک اس سکیم کے تحت دو سو اٹھاون ارب روپے کی رقم تقسیم کی گئی جس سے پانچ لاکھ چونتیس ہزار سے زائد نوجوان مستفید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان میں پرائم منسٹرز سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے انیس مختلف کھیلوں میں ملک گیر ٹیلنٹ ہنٹ جاری ہے جس میں پی ایس ایل کے ماڈل پر ایک خصوصی ہاکی لیگ کا قیام بھی شامل ہے، جہانگیر خان، ارشد ندیم یا اولمپک چیمپئن شاید آج کسی ایسے شہر یا گائوں میں موجود ہے جہاں ابھی تک ہماری نظر نہیں پہنچی، یہ پروگرام اسے ڈھونڈ نکالے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام صرف فلاحی اخراجات نہیں یہ ہماری حکومت کی سب سے منافع بخش سرمایہ کاری ہے کیونکہ ہماری حکومت نوجوانوں کو ملک کے مستقبل کا معمار سمجھتی ہے۔








