پاکستان کے پہلے صنعتی ضروریات کے حامل "گوجرانوالہ انکیوبیشن سینٹر” کا باقاعدہ افتتاح
پاکستان کے پہلے صنعتی ضروریات کے حامل "گوجرانوالہ انکیوبیشن سینٹر” کا باقاعدہ افتتاح

مزید خبریں
گوجرانوالہ۔ 14 جون (اے پی پی):گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان کے پہلے صنعتی ضروریات کے حامل "گوجرانوالہ انکیوبیشن سینٹر” کا باقاعدہ افتتاح کر کے تاریخ رقم کر دی۔ اس پروقار تقریب میں کمشنر گوجرانوالہ محمد علی،وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس کے سربراہ عدنان افضل چٹھہ، ڈپٹی کمشنر نوید احمداور ایس ایس پی غیور احمد نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران صدر چیمبر علی ہمایوں بٹ، سینئر نائب صدر سعد جمیل عرفانی اور نائب صدر فیصل ستار مغل سابقہ صدور، ایگزیگٹیووسینئر ممبران نے معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔صدر چیمبر علی ہمایوں بٹ کے منفرد وژن سے جنم لینے والے اس اسٹیٹ آف دی آرٹ انکیوبیشن سینٹرمیں گوجرانوالہ کی انڈسٹری میں 500 سے زائد نئے اسٹارٹ اپس کو پاؤں پر کھڑا کیا جائے گا، جبکہ 200 روایتی کارخانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر کے مکمل ڈیجیٹلائز کیا جائے گا تاکہ مارکیٹ میں 5 ہزار سے زائد روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے چیمبر کی موجودہ رجیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ کراچی ایکسپو سینٹر میں ‘میڈ ان گوجرانوالہ ایکسپو’ کا ریکارڈ توڑ انعقاد چیمبر کی موجودہ باصلاحیت ٹیم کا ہی کارنامہ تھا جس نے شہر کا نام ملک بھر میں روشن کیا۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویرن محمد علی نے بھی چیمبر رجیم کے مخلصانہ جذبے کو سراہتے ہوئے چیمبر کے تاجروں کے لیے بی ایف سی کاؤنٹر اور وزارتِ خارجہ کے دفتر کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مکمل سہولیات دینے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ٹاسک فورس کے سربراہ و چیئرمین پی ایس ڈی ایف عدنان افضل چٹھہ نے آگاہ کیاکہ وزیراعلیٰ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کاویثرن بہت کلئیر ہے صنعت چلے گی تو ملک چلے گا، مزید یہ کے صنعت کاروں کو روزمرہ کی ہراسمنٹ سے مستقل نجات دلانے کے لیے اب 36 مختلف سرکاری محکمے روز روز انڈسٹری پر چھاپے مار کر یا نوٹس بھیج کر مینوفیکچررز کو ہراساں نہیں کریں گے، بلکہ مہینے میں صرف ایک دن یہ تمام 36 محکمے مختلف صنعتوں کا دورہ کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر صدر چیمبر علی ہمایوں بٹ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس سینٹر کے قیام کو خطے کی معیشت کے لیے ایک گیم چینجر قرار دیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ بالخصوص ڈپٹی کمشنر نوید احمد، کمشنر گوجرانوالہ ڈویرن محمد علی اور سابق کمشنر سید نوید حیدر شیرازی کی خصوصی معاونت کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے چیمبر کو اس منصوبے کے لیے عمارت مہیاکی گئی اور چیمبر انتظامیہ نے اس انکیوبیشن سینٹر کو حقیقت کا روپ دیا۔








