موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ بنانا ممکن نہیں تھا،اراکین پنجاب اسمبلی

وفاقی بجٹ عوام دوست ہے، موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ ممکن نہیں تھا: مسلم لیگ (ن) پنجاب اراکین اسمبلی

لاہور۔14جون (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے اراکین پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوام دوست بجٹ ہے،موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ بنانا ممکن نہیں تھا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔رکن پنجاب اسمبلی راؤ کاشف رحیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ملکی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،یہ ان کی محنت کا ہی نتیجہ ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے نا صرف بچ گیا بلکہ اب ہماری معیشت دن بدن بہتر ہورہی ہے۔بجٹ کے بارے بات کرتے ہوئے راحیلہ خادم حسین نے کہا کہ اس بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے اور ان پر ٹیکس کی شرح میں نمایاں کمی کی گئی ہے،مشکل ترین حالات میں اس سے بہتر بجٹ دینا ممکن نہیں تھا۔رکن پنجاب اسمبلی چوہدری امجد جاوید نے کہا کہ اس بجٹ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکس کی شرح کم ہوئی ہے جس سے معیشت کا پہیہ چلے گا،جب مکان یا پلازہ بنتا ہے تو اس سے پوری ملکی معیشت کا فائدہ ہوتا ہے کیونکہ اس طرح بیس سے زائد انڈسٹریز میں کاروبار ہوتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کا خیال رکھ کر حکومت نے ورکنگ کلاس کو بھی ریلیف دیا ہے۔