پشاور۔ 14 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی عوامی خدمت پرلوگوں کے پارٹی پر اعتماد کا مظہر ہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ریاستی اداروں اور وفاق کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، ایٹمی پروگرام، میزائل ٹیکنالوجی اور جے ایف-17 تھنڈر جیسے قومی منصوبے پیپلز پارٹی کی قیادت کے دور میں ممکن …
گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی عوامی خدمت پر لوگوں کے پارٹی پر اعتماد کا مظہر ہے،فیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
پشاور۔ 14 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی عوامی خدمت پرلوگوں کے پارٹی پر اعتماد کا مظہر ہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ریاستی اداروں اور وفاق کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے،
ایٹمی پروگرام، میزائل ٹیکنالوجی اور جے ایف-17 تھنڈر جیسے قومی منصوبے پیپلز پارٹی کی قیادت کے دور میں ممکن ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لساں ٹھکرال، مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا، یورپ، امریکہ اور دیگر عالمی فورمز پر پاکستان کا مقدمہ کامیابی سے پیش کیا گیا، امریکہ ایران جنگ کے دوران وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دانشمندانہ سفارت کاری نے پاکستان کو علاقائی کشیدگی کے اثرات سے محفوظ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران جنگ میں پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت اور مؤثر ثالثی کے کردار کو اجاگر کیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی اور نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سفارتی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، خیبرپختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بحال کرانے پر وزیراعظم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق 1991 کے آبی معاہدے کے تحت خیبرپختونخوا کو اس کا جائز حصہ فراہم کرے، چشمہ لفٹ کینال منصوبہ صوبے کی زرعی ترقی اور خودکفالت کے لیے ناگزیر ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے چشمہ لفٹ کینال کے لیے اپنے حصے کے فنڈز مختص کیے ہیں، وفاق کو بھی چشمہ لفٹ کینال منصوبے کے لیے اپنا حصہ ادا کرنا چاہیے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اپنے آئینی حقوق کے حصول کے لیے وفاق سے سنجیدہ اور مؤثر مذاکرات کرنے چاہئیں، گالم گلوچ نہیں بلکہ دلیل، آئین اور جمہوری طریقے سے صوبے کے حقوق حاصل کیے جا سکتے ہیں، خیبرپختونخوا کے حقوق کے لیے مناسب آئینی اور قانونی فورمز پر مؤثر آواز اٹھائی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میری درخواست پر وزیراعظم نے شیروان انٹرچینج منصوبے کو رواں سال کے پی ایس ڈی پی میں شامل کیا، شیروان انٹرچینج کی تعمیر سے ہزارہ ڈویژن کے عوام کو سفری سہولیات اور معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہزارہ ڈویژن کے صدر ملک فاروق تنولی کی جانب سے یونین کونسل لساں ٹھکرال میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔استقبالیہ میں پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا، صوبائی جنرل سیکرٹری شجاع خان، چیئرمین ہلالِ احمر خیبرپختونخوا فرزند علی خان وزیر، سابق صوبائی وزیر احمد حسین شاہ ، ضلعی صدر ایبٹ آباد سلیم شاہ ، فضل الحق خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پارٹی امور، عوامی مسائل اور تنظیمی سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔







