کوئی بچہ پیچھے نہ رہ جائے‘‘مہم ، اسلام آباد میں 4ہزار سے زائد بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں داخل کرایا جا چکا ہے،چیئرمین پیرا

اسلام آباد میں ’’کوئی بچہ پیچھے نہ رہ جائے‘‘ مہم کے تحت 4 ہزار سے زائد بچوں کو نجی اسکولوں میں داخلہ

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری برائے وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی بصیرت افروز قیادت اور شراکت دار اداروں کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں ’’کوئی بچہ پیچھے نہ رہ جائے‘‘ مہم کے تحت اسلام آباد میں سکولوں سے باہر رہنے والے 4ہزار سے زائد بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آڑ) کے تحت داخل کرایا جا چکا ہے۔

اس اہم پیش رفت کا جائزہ پیرا کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک اجلاس میں لیا گیا جس کی صدارت چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملّاح نے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) علی اصغر، جائیکاکے نمائندے بلال عزیز اور پیرا کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء نے وفاقی سیکرٹری تعلیم کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے ہر بچے کو تعلیم کے دائرے میں لانے کے قومی مشن میں ان کی قیادت، رہنمائی اور اداروں کے مابین مؤثر ہم آہنگی انتہائی اہم ثابت ہوئی ہے۔ ان کی مسلسل سرپرستی کے باعث داخلہ مہم میں تیزی آئی اور مختلف ادارے قومی تعلیمی ایجنڈے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ڈی جی این سی ایچ ڈی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد کی دیہی یونین کونسلوں میں تقریباً 80,000 گھرانوں پر مشتمل جامع سروے کے دوران 5 سے 16 سال عمر کے 24,000 سے زائد ایسے بچوں کی نشاندہی کی گئی جو سکول سے باہر تھے۔ ان بچوں کو قریبی تعلیمی اداروں میں داخلے کے لیے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور پی ای آئی آر اے کے حوالے کیا گیا ہے۔پیرا نے 100 سے زائد نجی سکولوں کو اس مہم میں شامل کیا، جنہوں نے قابلِ ستائش جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4,000 سے زائد بچوں کو بلا معاوضہ داخلہ فراہم کیا۔ چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملّاح نے نجی تعلیمی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس اقدام کو محض ضابطہ جاتی ذمہ داری کے بجائے ایک قومی مشن کے طور پر اپنایا ہے، جو سماجی ذمہ داری اور تعلیمی مساوات کے فروغ کے لیے ان کے عزم کا مظہر ہے۔ڈاکٹر غلام علی ملّاح نے کہا کہ پیرا اس امر کے لیے پُرعزم ہے کہ زیادہ سے زیادہ سکولوں سے باہر بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں داخلہ دلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجی سکول مالکان اور انتظامیہ نے مثبت اور بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ حکومت کی تعلیمی ایمرجنسی مہم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔چیئرمین پیرا نے اس قومی مہم میں شراکت دار اداروں بشمول NCHD، BECS، NEF، FDE، PIE، JICA اور مختلف بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے وزارتِ تعلیم کی کوششوں کو تقویت فراہم کی ہے۔انہوں نے پیرا کی ٹیموں کو ہدایت دی کہ داخلہ کے عمل میں سہولت فراہم کی جائے، طلبہ کی حاضری برقرار رہنے کی نگرانی کی جائے اور سکولوں کو ہر ممکن معاونت دی جائے تاکہ نئے داخل ہونے والے بچے تعلیم کے سلسلے کو جاری رکھ سکیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ داخل شدہ بچوں کو مفت کتب، اسٹیشنری اور دیگر تعلیمی مواد فراہم کیا جائے گا۔مہم کی شفافیت اور مؤثر نگرانی نیشنل فارمل اینڈ نان فارمل ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے یقینی بنائی جا رہی ہے، جسے پی آئی ای ،جائیکا کے تکنیکی تعاون سے چلا رہا ہے۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جون 2026ء کے اختتام تک اسلام آباد میں 25,000 سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرنے کا ہدف حاصل کیا جائے گا تاکہ اس مشترکہ وژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے کہ ’’کوئی بچہ بھی تعلیم سے محروم نہ رہے۔

مزید خبریں