مسلم کانفرنس پارلیمانی بورڈ کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں سے درخواستیں طلب

آزاد کشمیر انتخابات کے لیے مسلم کانفرنس نے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لیں

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین پارلیمانی بورڈسردار محمد ارشاد خان نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

 

یہاں جاری بیان کے مطابق پارلیمانی بورڈ کے سیکرٹری سردار عبدالواجد بن عارف ایڈووکیٹ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق امیدواروں سے درخواستیں 15 جون سے 24 جون تک پارٹی سیکرٹریٹ میں وصول کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام امیدواران پارٹی سیکرٹریٹ سے درخواست فارم حاصل کر کے50ہزار روپے فیس کے ساتھ جو کہ پارٹی کے نام پر پے آرڈر /چیک یا کیش کی شکل میں ہو گی کے ساتھ اس مقررہ مدت کے درمیان اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین سردار محمد ارشاد خان نے کہا کہ آزادکشمیر اور مہاجرین کے تمام حلقہ جات سے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس عام انتخابات میں پوری قوت سے حصہ لے گی۔ سردار ارشاد خان نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جنرل الیکشن میں اپنے ووٹ کی طاقت سے آزاد کشمیر میں نظریہ الحاق پاکستان کی داعی مسلم کانفرنس کو کامیاب بنائیں۔

مزید خبریں