چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ای کے اپنے پہلے میچ میں نوآموز ٹیم کیوراساؤ کو 1-7 کے بھاری مارجن سے روند کر ٹورنامنٹ کا جاندار آغاز کر دیا ہے۔
جرمنی کی طوفانی شروعات، ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں کیوراساؤ کو 1-7 سے عبرتناک شکست

مزید خبریں
ہوسٹن۔15جون (اے پی پی):چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ای کے اپنے پہلے میچ میں نوآموز ٹیم کیوراساؤ کو 1-7 کے بھاری مارجن سے روند کر ٹورنامنٹ کا جاندار آغاز کر دیا ہے۔ شنہوا کے مطابق کائی لوکاس ہاورٹز نے دو جبکہ فیلکس کالو نمیچا،نیکو سیڈرک شلوٹر بیک ،جمال موسیلہ،نیتھینئل کرسٹوفر براؤن اور ڈینیز انڈاو نے ایک،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔این آر جی سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس یکطرفہ مقابلے میں جرمن کھلاڑی شروع سے ہی حریف ٹیم پر حاوی رہے۔
میچ کے چھٹے منٹ میں جرمنی کے فیلکس نمیچا نے پہلا گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، تاہم 21 ویں منٹ میں کیوراساؤ کے لیوانو کومینینشیا نے گول کر کے سکور 1-1 سے برابر کر دیا، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں کیوراساؤ کا پہلا تاریخی گول ہے۔ اس کے بعد جرمنی نے کھیل کا کنٹرول دوبارہ سنبھالا اور 38 ویں منٹ میں نیکو شلوٹربیک کے ہیڈر اور پہلے ہاف کے اضافی وقت میں کائی ہیورٹز کے پنالٹی گول کی بدولت ہاف ٹائم تک 1-3 کی برتری حاصل کر لی۔
دوسرے ہاف میں جرمن کھلاڑیوں نے کیوراساؤ کے دفاع کو بالکل بے بس کر دیا اور یکے بعد دیگرے 4 مزید گول داغ کر مقابلہ 1-7 سے اپنے نام کر لیا۔ اس شاندار فتح کے بعد جرمنی نے گروپ ای میں 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں، جبکہ ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی کیوراساؤ کی ٹیم اب اپنے اگلے میچ میں ایکواڈور کے خلاف پہلے پوائنٹ کی تلاش میں میدان میں اترے گی۔








