چین کا امریکا ایران معاہدے کا خیرمقدم ، پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی تعریف

چین نے امریکا اور ایران کے درمیان پہلے مرحلے کی مفاہمتی یادداشت کے متن پر اتفاقِ رائے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

بیجنگ۔15جون (اے پی پی):چین نے امریکا اور ایران کے درمیان پہلے مرحلے کی مفاہمتی یادداشت کے متن پر اتفاقِ رائے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے پیر کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین اس پیش رفت کو مثبت نظر سے دیکھتا ہے اور امید کرتا ہے کہ دونوں ممالک طے شدہ شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ چین امریکا اور ایران کے درمیان پہلے مرحلے کی مفاہمتی یادداشت کے متن پر ہونے والے اتفاق کا خیرمقدم کرتا ہے اور پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام متعلقہ فریق امن کے راستے پر قائم رہیں اور اپنے اختلافات کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔ ترجمان نے علاقائی تنازعات کے سفارتی حل کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں جلد امن اور استحکام کی بحالی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ چین مسلسل اس موقف کا حامی رہا ہے کہ سیاسی مکالمہ اور پُرامن مذاکرات ہی تنازعات کے حل اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کا موثر ترین ذریعہ ہیں۔ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ معاہدے کو خطے میں تناؤ کم کرنے اور وسیع استحکام کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔