محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے لیے فوری کنٹی جینسی اور کمیونیکیشن پلان مرتب کیا جائے،وزیر داخلہ سندھ

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے محرم الحرام 2026 کے دوران امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مجالس و جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو جامع اور موثر اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں

لاڑکانہ ۔ 15 جون (اے پی پی):وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے محرم الحرام 2026 کے دوران امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مجالس و جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو جامع اور موثر اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے لیے فوری طور پر جامع کنٹی جینسی اور کمیونیکیشن پلان مرتب کیا جائے جبکہ تمام اضلاع، رینجز اور پولیس زونز اپنے سکیورٹی پلانز کا ازسرنو جائزہ لے کر انہیں مزید موثر اور نتیجہ خیز بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔ضیاءالحسن لنجار نے ہدایت کی کہ حساس مقامات، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے جائیں جبکہ شرپسند عناصر، کالعدم تنظیموں اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد پر قانون کے مطابق سختی سے عملدرآمد کرنے اور ان کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی اور تھانہ سطح کی امن کمیٹیوں کے ساتھ مسلسل رابطے اور باقاعدہ اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ تمام مکاتب فکر کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا برقرار رہے۔ انہوں نے مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا مکمل سروے، سیکیورٹی آڈٹ اور خطرات کے جائزے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اینٹی رائٹس فورس، ریزرو پولیس اور دیگر متعلقہ نفری کو ہائی الرٹ رکھا جائے جبکہ اسلحہ، ایمونیشن، اینٹی رائٹس کٹس اور دیگر ضروری ساز و سامان کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔وزیر داخلہ سندھ نے جدید کنٹرول رومز اور کمیونیکیشن سسٹمز کو مکمل طور پر فعال رکھنے اور موثر رابطہ کاری کے ذریعے فوری رسپانس کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ضیاءالحسن لنجار نے مذہبی منافرت، اشتعال انگیز مواد، وال چاکنگ اور غیر قانونی پمفلٹس کی تقسیم کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاوڈ اسپیکر ایکٹ اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیر داخلہ سندھ نے اس امر پر زور دیا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام 2026 کے پرامن انعقاد کے لیے حکومت سندھ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔