چیچہ وطنی، متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی پرتین غیرقانونی کالونیز کے مرکزی گیٹس اور چار دیواریاں مسمار

ڈپٹی کمشنرساہیوال سمیع اللہ فاروق کی ہدایات پر ضلع بھر میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور قواعد و ضوابط کے برعکس قائم آبادیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں

چیچہ وطنی۔ 15 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرساہیوال سمیع اللہ فاروق کی ہدایات پر ضلع بھر میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور قواعد و ضوابط کے برعکس قائم آبادیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ضلع کونسل ساہیوال نے تحصیل چیچہ وطنی کے قصبہ داد فتیانہ میں ایک اہم آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قائم کی گئی تین رہائشی کالونیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی۔آپریشن کے دوران 8گیارہ ایل میں قائم الحافظ ٹاؤن، 9 گیارہ ایل کی اضافی آبادی اور اڈا داد فتیانہ کی اضافی آبادی کا معائنہ کیا گیا۔ متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر تینوں کالونیوں کے مرکزی گیٹس اور چار دیواریوں کو مسمار کر دیا گیا جبکہ دفاتر کو سیل کر کے مالکان کے خلاف مقدمات کا اندراج کروا دیا گیا۔چیف آفیسر ضلع کونسل خداداد تارڑ اور ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ جاوید انور گوندل نے آپریشن کی نگرانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ زرعی اراضی اور گرین ایریا میں غیر قانونی رہائشی کالونیاں قائم کرنا قانون کی صریح خلاف ورزی ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مفادات کے تحفظ اور منظم شہری منصوبہ بندی کو یقینی بنانے کے لیے ایسی سکیموں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری شہریوں کے لیے مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہیلہذا عوام کسی بھی رہائشی منصوبے میں سرمایہ کاری سے قبل متعلقہ اداروں سے اس کی قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کریں۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق گرین ایریا اور زرعی اراضی پر غیر قانونی تعمیرات نہ صرف سرکاری قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہیں بلکہ مستقبل میں بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی اور منصوبہ بندی کے لیے بھی مسائل پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا