سرسبز اور صاف ستھرا ماحول شہریوں کی بہتر صحت اور خوشحال معاشرے کے لیے ناگزیر ہے، احمد حسن رانجھا

منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ شہریوں کو صحت مند، سرسبز اور خوشگوار ماحول کی فراہمی کے لیے راول پارک کی خوبصورتی میں اضافہ اور پارک سے منسلک نرسری میں پودوں کی بہتر نشوونما کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

راولپنڈی۔15جون (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ شہریوں کو صحت مند، سرسبز اور خوشگوار ماحول کی فراہمی کے لیے راول پارک کی خوبصورتی میں اضافہ اور پارک سے منسلک نرسری میں پودوں کی بہتر نشوونما کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کی ہدایات پر راول پارک میں باغبانی کے جدید اصولوں کے مطابق موسمی، سجاوٹی، پھولدار اور آرائشی پودوں کی نگہداشت کا عمل جاری ہے۔ احمد حسن رانجھا نے اپنے بیان میں کہا کہ راول پارک شہر کے اہم تفریحی اور ماحولیاتی مراکز میں شامل ہے اور اس کی خوبصورتی، سرسبزی اور سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی نہ صرف شہریوں کو معیاری تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے بلکہ شجرکاری کے فروغ، ماحولیاتی تحفظ اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی مختلف تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور شہری نمائندوں کو بھی شجرکاری مہمات میں شریک کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد سرسبز اور صاف ستھرے ماحول کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ سرسبز اور صاف ستھرا ماحول شہریوں کی بہتر صحت اور خوشحال معاشرے کے لیے ناگزیر ہے، اسی مقصد کے تحت راول پارک اور دیگر گرین ایریاز کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں