امریکہ اورایران امن معاہدہ میں پاکستان کی سفارتکاری کی فتح ہے، نوابزادہ جمال رئیسانی
امریکہ اورایران امن معاہدہ میں پاکستان کی سفارتکاری کی فتح ہے، نوابزادہ جمال رئیسانی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 15 جون (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سفارتکاری، امن اور مذاکرات کی کامیابی قرار دیا ہے۔معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی استحکام کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے اس موقف کا حامی رہا ہے کہ تنازعات کا حل جنگ اور تصادم کے بجائے مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے، اور یہ پیش رفت اسی سوچ کی توثیق کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ اختلافات کو بات چیت اور باہمی احترام کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، جس سے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
نوابزادہ جمال رئیسانی نے وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی پاکستان کے امن پسند موقف اور تعمیری عالمی روابط کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے فروغ کے ساتھ پاکستان کا کردار ایک ذمہ دار، مستحکم اور تعاون پر یقین رکھنے والے ملک کے طور پر مزید مضبوط ہو کر سامنے آیا ہے۔








