محرم الحرام کیلئے فیصل آباد ریجن میں سکیورٹی پلان جاری
محرم الحرام کیلئے فیصل آباد ریجن میں سکیورٹی پلان جاری

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 15 جون (اے پی پی):محرم الحرام کیلئے فیصل آباد ریجن میں سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا، ریجن بھر میں رواں سال مجموعی طور پر 4402 مجالس اور 1528 جلوس منعقد ہونگے، سکیورٹی کیلئے 18449 افسران و ملازمان اور 8662 رضاکاران ڈیوٹی سر انجام دینگے۔ پیر کو ترجمان ریجنل پولیس رضوان بھٹی نے بتایا کہ آرپی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کے احکامات پر پولیس کا محرم الحرام کے حوالہ سے جامع اور فول پروف سیکورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے۔آرپی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کے احکامات کی روشنی میں فیصل آباد پولیس نے محرم الحرام میں امن وامان کی فضاء کو بر قرار رکھنے کے لیے سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔ریجن بھر میں رواں سال مجموعی طور پر 4402 مجالس اور 1528جلوس منعقد ہونگے۔
ان میں اے کیٹگری کی 354، بی کیٹگری کی916 اور سی کیٹگری 3132 شامل ہیں۔آرپی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کے احکامات پر ضلعی سربراہان کی جانب سے مجالس ہائے کی سکیورٹی کے لیے 7576 افسران و ملازمان تعینات ہیں جبکہ4025 رضا کار بھی فرائض سر انجام دیں گے۔ریجن بھر میں رواں سال مجموعی طور پر1528جلو س برآمد ہونگے جن میں 162کیٹگری اے ،273کیٹگری بی اور 1093کیٹگری سی کے جلوس بر آمد ہو نگے ۔آرپی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کے احکامات پر ضلعی سربراہان کی جانب سے جلو س ہائے کی سکیورٹی کے لیے 10873افسران و ملازمین تعینات ہیں جبکہ4637 رضاکار بھی فرائض سرانجام دیں گے۔آرپی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے ضلعی سربراہان کو احکامات جاری کر تے ہو ئے کہا کہ مساجد،امام بارگاہوں،مجالس اورجلوس ہائے کے روٹس کا ازسرنوجائزہ لیا جائے۔
ضلعی سطح پر بالخصوص اورتھانہ کی سطح پر بالعموم امن کمیٹیاں فعال کی جائیں اوران کے ساتھ بامقصد میٹنگ ہائے منعقد کی جائیں تاکہ مذہبی ہم آہنگی،اتحاد بین مسلمین اور بھائی چارے کو فروغ ملے۔فرقہ وارانہ اختلافات اور کشیدگی کی صورت میں نقص امن کی صورتحال پیدا نہ ہو۔ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں تاکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کے نظام کو موثر بنایا جاسکے اور معلومات کی بروقت ترسیل سے بمطابق حالات عملی اقدامات کئے جاسکیں۔ شعلہ بیان مقررین،ذاکرین اور علماء کرام کی ضلع بندی اور زبان بندی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور انہیں بروقت آگاہ کیا جائے۔
سینٹی اور ٹریفک تمام گاڑیوں کی پارکنگ اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہونگے۔اسلحہ کی سرعام نمائش،لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال کرنے والوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے۔دہشت گرد اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔پولیس فورس کی بہبود کا خیال رکھتے ہوئے انہیں دوران ڈیوٹی پانی اور کھانا مہیا کیا جائے۔پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی چاک و چوبند سرانجام دینے کے لئے شفٹ سسٹم متعارف کروایا جائے۔دی گئی ہدایت پر عمل درآمد کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔








