گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے کیڈٹ کالج بٹراسی کے پرنسپل بریگیڈیئر عبدالحفیظ کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے کیڈٹ کالج بٹراسی کے پرنسپل بریگیڈیئر عبدالحفیظ کی ملاقات

پشاور۔ 15 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کے روز کیڈٹ کالج بٹراسی کے پرنسپل بریگیڈیئر عبدالحفیظ سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات کے دوران کیڈٹ کالج بٹراسی کی کارکردگی، تعلیمی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کیڈٹ کالج بٹراسی کی عظمتِ رفتہ کی بحالی انتہائی ضروری ہے اور یہ صوبے کے لیے ایک بڑا کارنامہ ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ادارے کی ترقی اور بہتری کے لیے گورنر ہاؤس ہر ممکن تعاون فراہم کرے گاگورنر نے صوبے میں تعلیم کے شعبے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ جب جامعات کے اساتذہ تنخواہوں کے حصول کے لیے احتجاج پر مجبور ہوں اور پنشن فنڈز کی ادائیگی میں مشکلات درپیش ہوں تو ایسے ماحول میں تعلیم کا فروغ ممکن نہیں رہتا۔انہوں نے کہا کہ محض ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم کرنا کافی نہیں، بلکہ معیاری فیکلٹی، مناسب تعلیمی ماحول اور مؤثر انتظامی ڈھانچہ بھی ضروری ہے تاکہ مستقبل کی قیادت تیار کی جا سکے۔ گورنر نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ جامعات میں وائس چانسلرز کے تقرر اور انتظامی معاملات کو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک ہونا چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صحت اور تعلیم جیسے بنیادی شعبوں کو سیاست سے بالاتر رکھا جانا چاہیے اور صوبوں کے درمیان صحت مند مقابلے کی فضا قائم ہونی چاہیے تاکہ ادارے ترقی کریں اور عوام کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔اس موقع پر بریگیڈیئر عبدالحفیظ نے بتایا کہ کیڈٹ کالج بٹراسی کے 300 سے زائد سابق طلبہ افواجِ پاکستان جبکہ 40 سے زائد سول بیوروکریسی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

کالج کے تین سابق افسران وطن کے دفاع میں شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کر چکے ہیں اور ان کی یاد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔بریگیڈیئر عبدالحفیظ نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی صوبے کے لیے خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں نئے کیڈٹ کالجز کے قیام، جبکہ وفاقی حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کی تجویز پر بھی مشاورت اور تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید خبریں