سندھ پیڈل اوپن چیمپئن شپ 2026 اختتام پذیر، 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم
سندھ پیڈل اوپن چیمپئن شپ 2026 اختتام پذیر، 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم

مزید خبریں
کراچی۔ 15 جون (اے پی پی):سندھ حکومت کے زیر اہتمام لیجنڈز ایرینا میں منعقدہ تین روزہ سندھ پیڈل اوپن چیمپئن شپ 2026اختتام پذیر ہوگئی، جس میں بوائز اور ویمنز کیٹیگریز کے دلچسپ مقابلوں کے بعد کامیاب کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی گئی۔
اختتامی تقریب میں سیکرٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر، پارلیمانی سیکرٹری کھیل صائمہ آغا، ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق، ڈپٹی ڈائریکٹر سید حبیب اللہ، ڈی ایس اوز فرید علی، سید اسماعیل شاہ، ایس او علی ڈنو گوپانگ، سمیت دیگر افسران، کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران سیکرٹری کھیل نے کامیاب کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور کیش انعامات تقسیم کیے۔
بوائز اوپن کیٹیگری میں نمیر شمسی اور عذیر احمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ ریان یونس اور عبداللہ شیراز رنر اپ رہے۔ویمنز کیٹیگری میں نتالیہ زمان اور سائرہ عمر نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ مصفرا زاہد اور صائمہ طلحہ رنر اپ قرار پائیں۔سیکرٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر نے بتایا کہ چیمپئن شپ کے لیے مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی تھی، جو مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں تقسیم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اوپن کیٹیگری میں ونر ٹیم کو 3 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ روپے کا کیش انعام دیا گیا۔منور علی مہیسر کے مطابق چیمپئن شپ میں بوائز کی 32 اور ویمنز کی 16 ٹیموں نے شرکت کی، جبکہ تین روزتک جاری رہنے والے مقابلوں میں کھلاڑیوں نے اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔








