وزیر اعلی بلوچستان سے مسلم لیگ (ن)کے پارلیمانی وفد کی ملاقات، عوامی فلاح اور ترقیاتی ترجیحات پر مبنی بجٹ لانے پر اتفاق
وزیر اعلی بلوچستان سے مسلم لیگ (ن)کے پارلیمانی وفد کی ملاقات، عوامی فلاح اور ترقیاتی ترجیحات پر مبنی بجٹ لانے پر اتفاق

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 15 جون (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے پارلیمانی وفد نے صوبائی وزیر مواصلات میرسلیم کھوسہ کی قیات میں ملاقات کی، جس میں آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ، ترقیاتی ترجیحات اور صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران صوبائی بجٹ کے اہم خدوخال، عوامی فلاحی منصوبوں اور ترقیاتی پروگراموں پر مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بجٹ کو عوامی توقعات اور ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جائے تاکہ صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور ترقی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے ایسا بجٹ پیش کیا جائے گا جو عوامی امنگوں کا حقیقی ترجمان اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہو۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام، باہمی مشاورت اور جمہوری روایات کے فروغ کے ذریعے بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جائے گا۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے پارلیمانی وفد نے صوبائی حکومت کی کارکردگی، ترقیاتی وژن اور عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔








