آئی جی پنجاب نے تین افراد کے قتل کے واقعہ پر آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے گجرات میں فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

لاہور۔16جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے گجرات میں فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ڈی پی او گجرات کو فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔

ڈی پی او گجرات کے مطابق وقوعہ کے فورا بعد فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ضروری شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے افسوسناک واقعہ میں قتل ہونے والوں میں سفیان ارشد، رمشہ سفیان اور منور حسین شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید حقائق سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں