وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، ریلوے کے شعبے میں تعاون اور علاقائی رابطہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی سے ازبک سفیر علی شیر تختیوف کی ملاقات، ریلوے کے شعبے میں تعاون اور علاقائی رابطہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، ریلوے کے شعبے میں تعاون اور علاقائی رابطہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ ریلوے انفراسٹرکچر، فریٹ آپریشنز، لاجسٹکس اور تکنیکی مہارت کے تبادلے کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ ازبکستان، افغانستان، پاکستان (UAP) ریلوے کوریڈور علاقائی تجارت، اقتصادی روابط اور رابطہ کاری کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وسطی ایشیائی ممالک کو پاکستانی بندرگاہوں سے منسلک کرنے کا ایک تاریخی اقدام ہے جس سے خطے میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کو نئی جہت ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان UAP ریلوے کوریڈور کی بروقت تکمیل کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے اور اس منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے ریلوے اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کے فروغ سے علاقائی رابطہ کاری، اقتصادی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
ملاقات کے دوران ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے ریلوے سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔








