این ٹی سی اور پی ایس ڈبلیو کے درمیان آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے معاہدے پر دستخط

نیشنل ٹیرف کمیشن (این ٹی سی) اور پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے درمیان آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے۔ معاہدے کی تقریب میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، سیکرٹری تجارت جواد پال اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):نیشنل ٹیرف کمیشن (این ٹی سی) اور پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے درمیان آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے۔ معاہدے کی تقریب میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، سیکرٹری تجارت جواد پال اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزارت سے جاری اعلامیہ کے مطابق معاہدے پر چیئرمین نیشنل ٹیرف کمیشن ڈاکٹر جواد اویس آغا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سنگل ونڈو سید آفتاب حیدر نے دستخط کیے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی ڈیجیٹل تبدیلی اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط، مؤثر اور ڈیجیٹل نیشنل ٹیرف کمیشن پاکستان کی تیز رفتار معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تجارتی امور میں شفافیت، رفتار اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔معاہدے کا مقصد ٹیرف اور تجارتی پالیسی سے متعلق تجزیے، ڈیٹا شیئرنگ اور تجارتی اقدامات کے نفاذ کے عمل کو جدید، مؤثر اور تیز تر بنانا ہے۔

اس اشتراک کے ذریعے نیشنل ٹیرف کمیشن کے کیسز کے فیصلوں میں تیزی آئے گی، شفافیت کو فروغ ملے گا اور مجموعی تجارتی نظام مزید مستحکم ہوگا۔تقریب کے دوران پاکستان سنگل ونڈو اور نیشنل ٹیرف کمیشن نے ایک مسابقتی، شفاف اور ترقی دوست تجارتی نظام کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ حکام کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان میں تجارت کے شعبے کی ڈیجیٹل تبدیلی اور کاروباری ماحول کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

مزید خبریں