سی سی پی او پشاور کا کینٹ، سٹی ڈویژن ، گلبہار ، کوہاٹی اور اندرون شہر کی امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا
سی سی پی او پشاور کا کینٹ، سٹی ڈویژن ، گلبہار ، کوہاٹی اور اندرون شہر کی امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

مزید خبریں
پشاور۔ 16 جون (اے پی پی):سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے 102 بریگیڈ کے بریگیڈیئر کمانڈر کے ہمراہ کینٹ، سٹی ڈویژن ، گلبہار ، کوہاٹی اور اندرون شہر کے مختلف حساس مقامات، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔تر جمان کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق سی سی پی او پشاور اور بریگیڈیئر کمانڈر 102 بریگیڈ نے صدر میں واقع امام بارگاہ حسینیہ ھال، جلوسوں کے روٹس، صدر کیمرہ کنٹرول روم، سٹی میں تھانہ خان رازق شہید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، گلبہار امامیہ کالونی، کوہاٹی سپریم کمانڈ پوسٹ اور دیگر اہم مقامات کا دورہ کیا۔
انہوں نے امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ سی سی پی او نے سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ماتمی جلوسوں کے روٹس، مذہبی عبادت گاہوں اور حساس مقامات کی نگرانی کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے پلگ اِن پوائنٹس، روف ٹاپ ڈیوٹی، کینٹ اور سٹی کے داخلی و خارجی راستوں، ناکہ بندیوں اور دیگر حساس مقامات کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود پولیس افسران و اہلکاروں کو ہر وقت چوکس اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کر کے چیکنگ کے عمل کو مزید سخت بنا دیا گیا ہے۔ سی سی پی او پشاور نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پولیس، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور منتظمین کے مابین قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ جلوسوں اور مجالس کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ پشاور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور شہر میں پائیدار امن کے قیام کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ، ایس پی آپریشنز فرحان خان، پاک فوج کے حکام، ڈویژنل ایس پیز اور دیگر متعلقہ پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔








