بجٹ عوام کی بہتری کیلئے ہونا چاہئے، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے،سینیٹر علی ظفر

پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بجٹ عوام کی بہتری کیلئے ہونا چاہئے

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بجٹ عوام کی بہتری کیلئے ہونا چاہئے، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں مالیاتی بجٹ 27 ۔ 2026 ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران امریکا معاہدے میں اہم کردار ادا کیا تاہم اسرائیل کے امن مخالف اقدامات سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ بجٹ میں عوام کو گراس روٹ لیول پر ریلیف فراہم کیا جائے۔ بجٹ میں معیشت، صنعت، تعلیم، صحت، پانی، موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی آبادی سمیت دیگر عوامی مفاد کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے اور ٹیکسیشن پر معیشت کا انحصار ہے، بجٹ عوام کی بہتری کے لیے ہونا چاہیے ۔معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ملک کومہنگائی،قرضے، سود کی ادائیگی،بیروزگاری،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ،غربت میں اضافہ جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔