سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بنگلہ دیش کے اعلیٰ تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنے والے وفد کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات، ادارہ جاتی تبادلوں، تعلیمی شراکت داریوں اور پارلیمانی تعاون کے فروغ کی خواہش کا اعادہ

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے اعلیٰ تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے ملاقات کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے اعلیٰ تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے ملاقات کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پارلیمانی روابط، تعلیمی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے ذریعے بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ملاقات کے دوران سپیکر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں نمائندہ جمہوریت کا بنیادی ادارہ ہے جو جمہوری طرز حکمرانی، شفافیت، شمولیت اور قانون سازی کے عمل میں عوامی شرکت کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی مشترکہ پارلیمانی اور آئینی تاریخ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ مشترکہ تاریخی تجربہ دونوں ممالک کے لیے غور و فکر اور سیکھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے باہمی احترام، تعمیری مکالمے اور بڑھتے ہوئے تعاون پر مبنی مستقبل کی جانب پیش رفت کی اہمیت پر زور دیا۔سپیکرسردار ایاز صادق نے بنگلہ دیش کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ادارہ جاتی تبادلوں، تعلیمی شراکت داریوں اور پارلیمانی تعاون کے فروغ کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے روابط باہمی افہام و تفہیم کے فروغ اور علاقائی ہم آہنگی کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔بنگلہ دیشی وفد کے اراکین نے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے جمہوری اداروں اور پارلیمانی روایات کو سراہا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ بڑھتا ہوا تعاون باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں مثبت کردار ادا کرے گا۔وفد نے پاکستان کی پارلیمانی قیادت کے ساتھ ملاقات کے موقع کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسلسل مکالمہ، تعلیمی تعاون اور عوامی سطح پر روابط دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی مفاد اور دونوں ممالک کے عوام کی فلاح کے لیے دوستانہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر بھی شریک تھیں۔بنگلہ دیشی وفد نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی۔

 

مزید خبریں