دنیا کے بہترین 2 فیصد سائنس دانوں کی فہرست 2025 میں جامعہ سرگودھا کے 11 اساتذہ شامل

دنیا کے بہترین 2 فیصد سائنس دانوں کی فہرست میں شامل ہونے والے یونیورسٹی آف سرگودھا کے 11 فیکلٹی ممبران کو اس نمایاں کامیابی پر ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے اعزازات سے نواز دیا گیا۔

سرگودھا۔ 16 جون (اے پی پی):دنیا کے بہترین 2 فیصد سائنس دانوں کی فہرست میں شامل ہونے والے یونیورسٹی آف سرگودھا کے 11 فیکلٹی ممبران کو اس نمایاں کامیابی پر ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے اعزازات سے نواز دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سٹینفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ دنیا کے بہترین 2 فیصد سائنس دانوں کی فہرست 2025 میں جامعہ سرگودھا کے 11 اساتذہ شامل ہیں، جنہیں اس نمایاں کامیابی پر ایچ ای سی نے اعزاز سے نوازا، جبکہ جامعہ کے تین محققین کو نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز کے تحت تحقیقی گرانٹس حاصل کرنے پر بھی قومی سطح پر پذیرائی ملی۔اس سلسلہ میں باقاعدہ تقریب یونیورسٹی آف پنجاب لاہور کے سنٹر آف ایکسی لینس اِن مالیکیولر بائیولوجی میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم رانا سکندر حیات، بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور ملک بھر کی دیگر جامعات کے وائس چانسلرز بھی موجود تھے۔

سٹینفورڈ یونیورسٹی کی گلوبل ٹاپ 2 فیصد سائنس دانوں کی فہرست میں شامل ہونے والے یونیورسٹی آف سرگودھا کے اساتذہ میں انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کے پروفیسر ڈاکٹر فاروق انور اور ڈاکٹر محمد عمران عرفان، شعبہ فزکس کے پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز طاہر، ڈاکٹر محمد اشفاق اور ڈاکٹر نوید احمد نور، ایم ایف کے نون بزنس سکول کے ڈاکٹر نصیر عباس خان، شعبہ فارمیسی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عثمان منہاس، شعبہ باٹنی کے پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال خان جبکہ کالج آف ایگریکلچر کے ڈاکٹر محمد عاصم ریاض، پروفیسر ڈاکٹر محمد اثر ندیم اور ڈاکٹر محمد عارف شامل ہیں۔دریں اثنا، نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز کے تحت تحقیقی گرانٹس حاصل کرنے پر ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، شعبہ بائیو ٹیکنالوجی کی ڈاکٹر مصباح حسین اور انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کی ڈاکٹر ارم حفیظ کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اعزاز حاصل کرنے والے اساتذہ اور محققین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں سرگودھا یونیورسٹی کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی عالمی اور قومی سطح پر پذیرائی یونیورسٹی میں فروغ پانے والی معیاری تحقیق، جدت اور علمی خدمات کا اعتراف ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں سرگودھا یونیورسٹی میں تحقیقی کلچر کو مزید مضبوط بنانے اور نوجوان محققین کو اعلیٰ معیار کی تحقیق کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

مزید خبریں