راولپنڈی،لیڈی منشیات سپلائر سمیت تین ملزمان کو سزائیں

راولپنڈی پولیس کی موثر پولیسنگ، مضبوط تفتیش اور مقدمات کی کامیاب پیروی کے نتیجے میں ضلعی عدالتوں نے لیڈی منشیات سپلائر سمیت تین منشیات فروشوں کو مجموعی طور پر 28 سال قید اور 2 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنا دیں

راولپنڈی۔16جون (اے پی پی):راولپنڈی پولیس کی موثر پولیسنگ، مضبوط تفتیش اور مقدمات کی کامیاب پیروی کے نتیجے میں ضلعی عدالتوں نے لیڈی منشیات سپلائر سمیت تین منشیات فروشوں کو مجموعی طور پر 28 سال قید اور 2 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنا دیں۔پولیس ترجمان کے مطابق آر اے بازار پولیس نے مئی 2025ء میں 2 کلو 400 گرام چرس برآمد ہونے پر ملزمہ حسینہ خان کو گرفتار کیا تھا جسے عدالت نے 10 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ اسی طرح تھانہ نیو ٹائون پولیس نے جنوری 2026ء میں 1 کلو 410 گرام چرس برآمد ہونے پر ملزم ناہید کو گرفتار کیا تھا جسے 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔ترجمان کے مطابق تھانہ وارث خان پولیس نے ستمبر 2025ء میں 1 کلو 480 گرام چرس برآمد ہونے پر ملزم ارسلان کو گرفتار کیا تھا جسے عدالت نے 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔راولپنڈی پولیس کے مطابق ٹھوس شواہد، موثر تفتیش اور مقدمات کی بھرپور پیروی کے باعث ضلعی عدالتوں نے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں سنائیں۔ سزائوں پر سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن، تفتیشی افسران اور لیگل ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں