عالمی یومِ تدارک چائلڈ لیبر کے موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن (YPO) ملتان کے زیر اہتمام سپر سپیس فن لینڈ مال آف ملتان میں ’’چلڈرن تفریحی میلہ 2026‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب ملتان پوسٹ گریجویٹ کالج
عالمی یومِ تدارک چائلڈ لیبر کے حوالے سےبچوں کے لیے تفریحی میلے کا انعقاد

مزید خبریں
ملتان۔ 16 جون (اے پی پی):عالمی یومِ تدارک چائلڈ لیبر کے موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن (YPO) ملتان کے زیر اہتمام سپر سپیس فن لینڈ مال آف ملتان میں ’’چلڈرن تفریحی میلہ 2026‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب ملتان پوسٹ گریجویٹ کالج، پا کستان، اے ایچ گروپ آف بزنس ملتان کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔اس موقع پر صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، پرنسپل گورنمنٹ سیکنڈری سکول فار سپیشل ایجوکیشن خانیوال میاں محمد ماجد، ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ریاض حسین اور پی آر او چائلڈ پرو ٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان راؤ نوید مختار نے کہا کہ بچے قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضما نت ہیں، ان کی تعلیم، تربیت اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔تعیم اقبال نعیم نے کہا کہ غربت اور معاشی مسائل چائلڈ لیبر کی بڑی وجوہات ہیں، تاہم ایسے بچوں کو خوشی کے مواقع فراہم کرنا بھی معاشرتی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ہر سال بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے عالمی دن پر ایسی تقریبات کا انعقاد کرتی ہے تاکہ محروم بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ لائی جا سکے۔تقریب میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے بچوں کو انڈور گیمز، جمپنگ، ہارر ٹرین اور ایکس ڈی سینما سمیت مختلف تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع دیا گیا۔ بچوں میں کھانے پینے کی اشیاء اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔راؤ نوید مختار نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بچوں کے تحفظ، جبری مشقت اور بھیک کے خاتمے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ تقریب میں شریک بچوں نے تفریحی سرگرمیوں سے بھرپور لطف اٹھایا اور اس دن کو اپنی زندگی کا یادگار دن قرار دیا۔








