ہلال احمر پاکستان اور جرمن ریڈ کراس کی 43 سالہ شراکت داری کی تقریب،تاریخی شراکت داری کو خراج تحسین پیش کیا گیا

ہلال احمر پاکستان اور جرمن ریڈ کراس نے نیشنل ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اپنی غیر معمولی انسانی ہمدردی کی شراکت داری کے کامیاب سفر کا جشن منایا

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان اور جرمن ریڈ کراس نے نیشنل ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اپنی غیر معمولی انسانی ہمدردی کی شراکت داری کے کامیاب سفر کا جشن منایا۔اس تقریب کا انعقاد پاکستان میں جرمن ریڈ کراس مشن کی تکمیل کے موقع پر کیا گیا جس میں قدرتی آفات سے نمٹنے، صحت کی سہولیات، موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں لچک پیدا کرنے، پانی و صفائی کے منصوبوں، پیشگی اقدامات اور کمیونٹی ترقیاتی پروگراموں کے ذریعے بے شمار زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے والی تاریخی شراکت داری کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔تقریب میں پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل، چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان فرزانہ نائیک اور جرمن ریڈ کراس ہیڈکوارٹرز برلن سے آئے ہوئے وفد نے شرکت کی ،جس کی قیادت آپریشنز اینڈ نیشنل سوسائٹی کوآپریشن کے سربراہ مارک آندرے سووینیئر کر رہے تھے۔ وفد میں ایشیا یونٹ کی سربراہ سوزن سٹوکیگٹ اور پاکستان و افغانستان کے کنٹری مینجر سیریاکس برائوٹیگام بھی شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے پی آر سی ایس اور جی آر سی کے درمیان دیرینہ شراکت داری کے گہرے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون کے ذریعے پاکستان بھر میں کمزور اور متاثرہ طبقات کو زندگی بچانے والی امداد اور امید فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے چیلنجز کے تناظر میں اس شراکت داری نے تیاری، پیشگی اقدامات اور کمیونٹیز کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران جرمن ریڈ کراس کی مستقل معاونت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس شراکت داری نے بالخصوص آفات سے نمٹنے، موسمیاتی اقدامات، صحت کی خدمات اور کمیونٹی کی استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں ہلال احمر پاکستان کی انسانی ہمدردی کی صلاحیتوں کو نمایاں طور پر مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں قومی سوسائٹیوں کے درمیان مضبوط تعلقات مستقبل میں بھی ضرورت مند طبقات کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔پاکستان میں جرمن ریڈ کراس کے سربراہ آصف امان نے کہا کہ اگرچہ جی آر سی کا پاکستان میں مشن اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے تاہم دونوں اداروں کے درمیان شراکت داری مضبوط اور مستقبل کی جانب گامزن رہے گی۔ استقبالیہ خطاب میں سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان محمد عبیداللہ خان نے 43 سالہ شراکت داری کی نمایاں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے جرمن ریڈ کراس کا شکریہ ادا کیا ۔ آئی سی آرسی،آئی ایف آر سی،ترکیہ ریڈ کریسنٹ،نار کراس کے مندوبین بھی شریک تھے۔

تقریب کے اختتام پر جرمن ریڈ کراس کے سابقہ اور موجودہ عملے میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔

مزید خبریں