سٹی ٹریفک پولیس ملتان کے زیر اہتمام ریجنل ٹریننگ سنٹر میپکو میں روڈ سیفٹی آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا گیا، جس میں میپکو کے افسران اور ڈرائیوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
سٹی ٹریفک پولیس ملتان کا میپکو ٹریننگ سنٹر میں روڈ سیفٹی لیکچر، ڈرائیوروں کو محتاط ڈرائیونگ کی تربیت دی

مزید خبریں
ملتان۔ 16 جون (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس ملتان کے زیر اہتمام ریجنل ٹریننگ سنٹر میپکو میں روڈ سیفٹی آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا گیا، جس میں میپکو کے افسران اور ڈرائیوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق پروگرام میں انچارج ریجنل ٹریننگ سنٹر میپکو وجاہت بچہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ میپکو محمد عباس اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ اس موقع پر انچارج ٹریفک ایجوکیشن یونٹ انسپکٹر سہیل احمد نے شرکاء کو روڈ سیفٹی اور محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، موٹرسائیکل سواروں کو ہیلمٹ اور سائیڈ ویو مررز کے استعمال کی اہمیت، شہری علاقوں اور ہائی ویز پر گاڑی چلاتے وقت مناسب فاصلہ برقرار رکھنے اور اوورٹیکنگ کے دوران احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیا۔لیکچر کے دوران شرکاء کو ٹریفک قوانین، محفوظ سفر اور حادثات کی روک تھام سے متعلق معلوماتی پمفلٹس اور بروشرز بھی تقسیم کیے گئے۔ مقررین نے کہا کہ روڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد نہ صرف قیمتی جانوں کے تحفظ بلکہ محفوظ اور منظم ٹریفک نظام کے قیام کے لیے بھی ناگزیر ہے۔








