نیویارک میں کھجوروں کی بین الاقوامی نمائش، سعودی عرب بطور اعزازی مہمان شرکت کرے گا

سعودی عرب اس ماہ کے آخر میں اعزازی مہمان کی حیثیت میں اپنی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی کھجور کی صنعت کو نیویارک شہر میں ہونے والے ’فینسی فوڈ شو‘ میں نمائش کے لیے پیش کرے گا۔اردو نیوز کے مطابق یہ نمائش سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ یہ شمالی امریکا میں اس نوعیت کا سب سے بڑا ایونٹ ہوتا …

نیویارک ۔17جون (اے پی پی):سعودی عرب اس ماہ کے آخر میں اعزازی مہمان کی حیثیت میں اپنی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی کھجور کی صنعت کو نیویارک شہر میں ہونے والے ’فینسی فوڈ شو‘ میں نمائش کے لیے پیش کرے گا۔اردو نیوز کے مطابق یہ نمائش سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ یہ شمالی امریکا میں اس نوعیت کا سب سے بڑا ایونٹ ہوتا ہے۔

فوڈ شو 28 سے 30 جون تک جاری رہے گا اور اس میں 50 ممالک سے 2400 سے زیادہ نمائش کندگان شریک ہوں گے۔’پامز اینڈ ڈیٹس‘ (کھجور کے درخت اور کھجور) کا قومی مرکز اور چند منتخب پیداواری ادارے نمائش میں سعودی عرب کی نمائندگی کرتے ہوئے کھجوروں کی اعلٰی ترین اقسام اور اِن سے تیارہ ہونے والی بہترین مصنوعات کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مرکز کا کہنا ہے کہ نیویارک میں ہونے والا فوڈ شو، کھجوروں کی صعنت کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جو نیٹ ورکنگ، پروڈکٹس کو متعارف کرانے، معلومات کے تبادلے اور نئی ٹیکنالوجیوں سے آگاہی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔سعودی عرب میں کھجور کے تین کروڑ 70 لاکھ درخت ہیں جن سے حاصل کردہ کھجوریں دنیا کے 125 ممالک میں برآمد کی جاتی ہیں۔ یہ کھجوریں دنیا بھر میں پرچون کی 1500 دکانوں پر دستیاب ہوتی ہیں۔

پامز اینڈ ڈیٹس کے مرکز کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں گزشتہ برس 1.9 ملین ٹن کھجوروں کی پیداوار ہوئی جن کی برآمدت کی قیمت تقریباً دو بلین سعودی ریال تھی۔وزارتِ ماحولیات، آب اور زراعت کے وزیر عبدالرحمٰن الفضلی کا کہنا ہے کہ نیو یارک کا فوڈ شو سعودی کھجوروں کے پیداواری اداروں کو تعاون اور فروغ دینے، اس سلسلے میں آگاہی بڑھانے اور برآمدات میں اضافے کا ایک سٹریٹیجک موقع ہے۔