ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور آفتاب احمد پھلروان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری، رینجرز، ڈی ایس پیز، اسسٹنٹ کمشنرز، ریسکیو 1122 ، ڈی آئی او قصور نادر علی، سول ڈیفنس آفیسر سیف اللہ، انچارج پیرا فورس قیصر محمود، واسا، سی ای او ہیلتھ، سی ای او میونسپل کمیٹی قصور اور دیگر متعلقہ محکموں کے …
محرم الحرام کے دوران عزاداران کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی،ڈپٹی کمشنر قصور

مزید خبریں
قصور۔ 17 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور آفتاب احمد پھلروان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری، رینجرز، ڈی ایس پیز، اسسٹنٹ کمشنرز، ریسکیو 1122 ، ڈی آئی او قصور نادر علی، سول ڈیفنس آفیسر سیف اللہ، انچارج پیرا فورس قیصر محمود، واسا، سی ای او ہیلتھ، سی ای او میونسپل کمیٹی قصور اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران عزاداران کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر میڈیکل کیمپس، کلینک آن ویلز، ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی سبیلوں کا انتظام کیا جائے گا جبکہ امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں پر صفائی ستھرائی کے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام مین ہولز کو فوری طور پر کور کیا جائے اور جلوسوں کے روٹس کو ہر لحاظ سے محفوظ بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا جائے تاکہ تمام اداروں کی تیاری اور باہمی رابطہ مزید موثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے جلوسوں کے راستوں پر عرقِ گلاب اور ٹھنڈے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی جبکہ پولیس، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رہے۔اجلاس میں محرم الحرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے کی ہدایات جاری کی گئیں







