لیسکو کی بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں، کثیر المنزلہ عمارت سے ڈائریکٹ سپلائی پکڑی گئی

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں ایسٹرن سرکل کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر ایسٹرن سرکل عمر بلال کی نگرانی میں رائل پارک

لاہور۔17جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں ایسٹرن سرکل کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر ایسٹرن سرکل عمر بلال کی نگرانی میں رائل پارک سب ڈویژن میں ایک ملٹی اسٹوری عمارت میں واپڈا کی مین کیبل سے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی۔

ترجمان لیسکو کے مطابق کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ ڈائریکٹ لائن کے ذریعے عمارت کی بالائی رہائشی منزلوں کو بجلی فراہم کی جا رہی تھی۔ ہر منزل پر ایئر کنڈیشنرز سمیت متعدد برقی آلات نصب تھے جبکہ متعلقہ میٹرز پر بجلی کا استعمال غیر معمولی طور پر کم ظاہر ہو رہا تھا۔ موقع پر موجود تین بجلی میٹرز کے خلاف ڈیٹیکشن بل عائد کیے گئے جبکہ صارف کی جانب سے واجبات کی ادائیگی تک سائٹ پر نصب 50 کے وی اے ٹرانسفارمر بھی اتار لیا گیا۔اسی طرح گوالمنڈی سب ڈویژن میں فوڈ اسٹریٹ روڈ پر واقع صارف ظفر اقبال کے دو کنکشنز سے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی۔

کارروائی کے دوران میٹرز اور غیر قانونی کیبلز قبضے میں لے لی گئیں جبکہ متعلقہ صارف کے خلاف ڈیٹیکشن بل عائد کر دیا گیا۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست بھی متعلقہ تھانے میں جمع کرا دی گئی ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ بجلی چوری کے خاتمے اور ریکوری کے اہداف کے حصول کے لیے اپنی کارروائیاں مزید موثر بنائیں۔