محرم الحرام کے موقع پر گلبرگ ڈویژن میں پولیس کا فلیگ مارچ

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں گلبرگ ڈویژن میں پولیس نے فلیگ مارچ کا انعقاد کیا

کراچی۔ 17 جون (اے پی پی):ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں گلبرگ ڈویژن میں پولیس نے فلیگ مارچ کا انعقاد کیا ،جس کی قیادت ایس ڈی پی او گلبرگ منیشا روپیتا نے کی۔بدھ کو ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق فلیگ مارچ میں گلبرگ ڈویژن کی پولیس موبائلز اور نفری نے شرکت کی۔فلیگ مارچ کے دوران مختلف اہم شاہراہوں، امام بارگاہوں، مساجد اور جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا گیا۔ اس موقع پر شہریوں میں احساسِ تحفظ اجاگر کرنے اور امن و امان کی صورتحال کو مزید موثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔فلیگ مارچ کا مقصد محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینا، پولیس کی موجودگی کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس کی تیاریوں کا عملی مظاہرہ کرنا تھا۔