قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ سینٹر کے زیر انتظام نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت یونیورسٹی مینجمنٹ کے موضوع پر پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا
کے آئی یو میں نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت مینجمنٹ سٹاف کے لیے منعقدہ پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی سے مکمل
گلگت۔ 17 جون (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ سینٹر کے زیر انتظام نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت یونیورسٹی مینجمنٹ کے موضوع پر پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق یہ ورکشاپ نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن (NAHE) کے تعاون سے منعقد کیاگیا تھا۔اختتامی تقریب میں قائم مقام وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ان کے ہمراہ ڈویژن ہیڈ این اے ایچ ای ڈاکٹر منیر احمد نے آن لائن شرکت کی۔اپنے اختتامی خطاب میں قائم مقام وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ تربیت کے دوران حاصل کیے گئے علم و تجربات کو دیگر ملازمین تک منتقل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تربیتی نتائج پر مؤثر عملدرآمد سے ہی بہتر نتائج کا حصول اور خطے میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بلند کرنا ممکن ہوگا۔قائم مقام وائس چانسلر نے ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ کے شعبے میں کے آئی یو کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن کی مستقل معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پانچ روزہ پروگرام کے دوران ریسورس پرسنز کی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی خاص طور پر سراہا۔ورکشاپ کے شرکاء نے بھی اختتامی تقریب کے موقع پر اپنے تاثرات اور تجربات بیان کیے اور تربیت کے دوران فراہم کیے گئے جامع سیشنز اور عملی نکات کو سراہا۔ تربیتی ورکشاپ کو جامعہ کے ایچ آر ڈی اور نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن کی ماہر ٹیم نے ترتیب دیا جس میں کے آئی یو کی ڈائریکٹر ایچ آر ڈی ثمینہ خان،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر سعدیہ بخاری،ڈاکٹر سہیل رضا منڈی کے علاوہ دیگر ماہرین بھی شامل تھے۔ مذکورہ ماہرین نے نہایت معلوماتی سیشنز پیش کیے اور یونیورسٹی مینجمنٹ اور تعلیمی معیار میں ٹھوس بہتری لانے کے لیے تربیت کے دوران سکھائی گئی۔حکمت عملیوں اور بہترین طریقہ کار پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔کے آئی یو کی ڈائریکٹر ایچ آر ڈی ثمینہ بیگ نے تربیتی اقدام کو جامعہ قراقرم کی جانب سے قومی اعلیٰ تعلیمی معیارات کے مطابق فیکلٹی اور عملے کی استعداد کار میں اضافے اور پیشہ ورانہ تربیت کے تسلسل کا مظہر قرار دیا۔








